پی سی بی کا نیا چیئرمین آئین کے تحت بنے گا :شہریار خان

پی سی بی کا نیا چیئرمین آئین کے تحت بنے گا :شہریار خان

  

 لاہور(سپورٹس ڈیسک)چیئر مین پی سی بی شہر یار خان نے کہا ہے کہ پی سی بی کا نیا چیئرمین وزیر اعظم کے نامزد شدہ 2 ارکان گورننگ بورڈ میں سے کوئی ایک ہوگا۔ حتمی چنا الیکشن سے ہوگا۔لندن میں میڈیا کو خصوصی انٹرویو میں شہریارخان نے کہا کہ پی سی بی کا نیا چیئرمین آئین کے تحت بنے گا۔ 17 اگست کو گورننگ بورڈ کی معیاد بھی ختم ہو جائے گی، نئے بورڈ ارکان میں کون ہو گا یہ بھی اب تقریبا طے ہو چکا، روٹیشن پالیسی کے تحت کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور اب شامل نہیں ہوں گے، لاہور سمیت ملک کے دیگر چار شہروں کوجگہ ملے گی، حبیب بینک، سوئی سدرن سمیت چار ڈپارٹمنٹس بھی گورننگ بورڈ میں موجود ہوں گے، 2 ارکان کی نامزدگی وزیر اعظم کریں گے انہی میں سے کوئی ایک بذریعہ انتخابات چیئرمین بنے گا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سرپرست اعلی نے ہی گزشتہ بار مجھے نامزد کیا اور پھر پہلی بار الیکشن کا انعقاد کر کے مجھے بورڈ کا سربراہ بنایا گیا تھا،اس سوال پر کہ اگر دوبارہ گورننگ بورڈ میں نامزد کرنے کا فیصلہ ہو تو وہ قبول کرینگے۔شہریارخان نے کہا کہ وزیر اعظم کا حکم سر آنکھوں پر لیکن میں نے ان سے کہہ دیا کہ 83 برس کا ہو چکا، اب ذمہ داری سنبھالنے کیلئے درکار قوت موجود نہیں ہے، میرے تین سال اب مکمل ہونے والے ہیں اور میں نے اتنے ہی عرصے کیلئے چیئرمین کا عہدہ قبول کیا تھا، اب میں ریٹائر ہو رہا ہوں، بورڈ میں میرا وقت ختم ہو چکا، میں درس وتدریس سے ہی وابستہ رہوں گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -