نفاذ نظام مصطفی ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے،اویس نورانی
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام جمعتہ الوداع کو ’’ یوم نظام مصطفی ‘‘ کے نام سے منایا گیا اور ملک بھر میں ’’ نظام مصطفی ‘‘ کے عنوان سے خطبات جمعہ دیئے گئے اور جمعتہ الوداع کے اجتماع میں نظام مصطفی کے نفاذ کے مطالبے پر مشتمل قراردادیں بھی منظور کی گئیں ۔ اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کراچی میں جمعتہ الوداع کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نفاذ نظام مصطفی ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔ اہل حق انقلاب نظام مصطفی کیلئے جدو جہد تیز کریں۔ نفاذ نظام مصطفی کے ذریعے نیا پاکستان بن سکتا ہے۔ حکمرانوں نے نظام مصطفی نافذ نہ کرکے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔
کرپٹ حکمران اشرافیہ کو نظام مصطفی وارا نہیں کھاتا ۔ جے یو پی کے مرکز ی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے بنایا گیا تھا۔ نظام مصطفی آئے گا تو غریبوں اور مظلوموں کا مقدر بدلے گا۔ دین بیزار طبقہ نفاذِنظام مصطفی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
جے یو پی پنجاب کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جاوید اختر نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یو پی نفاذ نظام مصطفی کیلئے حکمرانوں پردباؤ ڈالے گی۔ نظام مصطفی کی حامی قوتیں متحد ہو جائیں۔ جے یو پی پنجاب کے صدر مولانا نور احمد سیال نے رحیم یار خان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کے ماننے والے انقلاب نظام مصطفی برپا کرنے کیلئے میدان میں آئیں۔