پاکستان میں25جون کو عید الفطر منانا غیر اسلامی ہوگا،علمائے کرام

پاکستان میں25جون کو عید الفطر منانا غیر اسلامی ہوگا،علمائے کرام

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسجدقاسم پشاور کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہفتہ 24 جون کو عیدالفطر کا چاند دیکھنے کی تیاریاں کررہے ہیں تاہم ملک کے معروف مذہبی سکالرز نے متفقہ طور پر اس بات کا اعلان کیا ہے کہ اتوار 25 جون کو عیدالفطر منانا غیر اسلامی ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق چاند کی رویت کے معاملے پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کو ممکنہ تصادم سے بچانے کیلئے علماء میدان میں آگئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے واضح طور پر یہ کہہ دیا ہے کہ اتوار 25 جون کو عیدالفطر منانا غیر اسلامی ہوگا۔ وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ نے بتایا کہ دیگر صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کے لوگ بھی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ ماننے کیلئے تیار ہیں لیکن خیبر پختونخوا کا ایک چھوٹا سا ٹولہ ہے جو مخالفت پر اترا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ چاند کی رویت کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقے استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات بھی اعلان کرچکا ہے کہ ہفتہ 24 جون کو پاکستان میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مذہبی سکالرز نے کہا کہ ایک مخصوص مذہبی گروپ رمضان المبارک اور عید الفطر کے معاملے پر ہر سال مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتا ہے حالانکہ یہ گروپ سال کے کسی اور چاند کی رویت پر کبھی کوئی اعتراض نہیں کرتا۔دارالعلوم حقانیہ کے منتظم مفتی مختار اللہ کہتے ہیں کہ پوپلزئی کمیٹی یا مرکزی رویت ہلال کمیٹی، دونوں کے اعلان پر عید کرنا اسلامی ہوگا البتہ عید کرنے کی شرط چاند کی رویت ہے۔ انہوں نے کہا وہ سائنس کو نہیں مانتے کیوں کہ اس کے نظریات ہمیشہ تبدیل ہوتے رہتے ہیں اور وہ چاند کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر عید کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔معروف مذہبی اسکالر مفتی سعید نے کہا کہ شوال کا چاند دیکھے بغیر اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے سرکاری اعلان کے بغیر عید الفطر منانا غیر اسلامی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کو غیر متحد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

مزید :

صفحہ آخر -