پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعتہ الوداع انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعتہ الوداع انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

  

لاہور/کراچی /اسلام آباد(اے این این) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھی جمعتہ الوداع انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،نماز جمعتہ الوداع کی ادائیگی کے بعد تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے ریلیاں بھی نکالی گئیں جس میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بڑے اجتماع بادشاہی مسجد،داتا دربار مسجدمیں ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اورامت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں جبکہ روزہ دار رمضان المبارک کی پرکیف ساعتوں کی رخصتی کے خیال سے آبدیدہ ہوگئے۔ کراچی میں جمعتہ الوداع کے بڑے اجتماع نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، مدنی مسجد عزیز آباد، کنز الایمان مسجد گرو مندر، فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی اور گلزار حبیب سولجر بازار میں ہوئے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جمعتہ الوداع کا بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ دوسری جانب جمعتہ الوداع کے دوران کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے، مساجد پر نہ صرف پولیس اہلکار تعینات کئے گئے بلکہ مشکوک افراد کی چیکنگ بھی کی گئی۔

مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مکہ مکرمہ میں بھی جمعتہ الوداع کا روح پرور اجتماع ہوا جس میں لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی۔ مسجد الحرام میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں نے جمعتہ الوداع نہایت روح پرور اور ایمان افروز ماحول میں ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر مسجد الحرام کھچا کھچ بھری ہوئی تھی اور مسجد کے باہر بھی چاروں اطراف تاحدِ نگاہ بندگان خدا کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمند نظر آ رہا تھا۔ جمعتہ الوداع کی ادائیگی کے بعد اسلام کی سربلندی ، امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا مانگی گئیں۔

مزید :

صفحہ آخر -