سپریم کورٹ کا پاناما لیکس کیس کی جے آئی ٹی کی کارکردگی پر اظہار اطمینان
اسلام آباد (آن لائن ) سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا ہے جے آئی ٹی کی تحقیقات درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں ، جس سے توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ اپنا کام وقت مقررہ میں مکمل کر لے گی ، یہ آبزرویشن عدالت عظمیٰ کے خصوصی بنچ نے پانامہ عملدرآمد کیس کی گزشتہ سماعت کے جاری تحریری حکم نا مے میں دی ہے ، یا د رہے جمعہ کو جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔ خصوصی بنچ نے جمعہ کو جاری حکم نامے میں کہا جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے ایف بی آر سے دستاویزات نہ ملنے کی شکایت کی ہے جبکہ اٹارنی جنر ل نے ریکارڈ کی فہر ست ملنے پر بلاتاخیر ریکارڈ کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے ، عدالتی حکم نامے میں مزید قرار دیا گیا ہے کہ ویڈیو ریکارڈنگ روکنے سے متعلق حسین نواز کی استدعا مسترد کر چکے ہیں تاہم اٹارنی جنرل بتائیں حکومت کو تصویر لیک کرنیوالے شخص کی شناخت ظاہر کرنے پر کوئی اعتراض تو نہیں ، حکم نامے میں جے آئی ٹی کو دس جولائی کوحتمی رپورٹ جمع کرانے حکم دیا گیا ہے ، حکم نامے کے مطابق کیس کی آئندہ سماعت بھی د س جولائی کو ہوگی ۔