کوئٹہ اور پارا چنار پھر لہو لہو،40جاں بحق،120سے زائد زخمی

کوئٹہ اور پارا چنار پھر لہو لہو،40جاں بحق،120سے زائد زخمی

  

پارا چنار،کوئٹہ ،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان دشمنوں کے ایک مرتبہ پھر ایک ہی دن میں دو وار ، صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کار بم دھماکے کے بعد وفاق کے زیر انتظام فاٹاکی خیبر ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں اوپر تلے دو بم دھماکوں کے نتیجے میں 7پولیس اہلکاروں سمیت 40افراد جاں بحق اور125 سے زائد زخمی ہوگئے،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث انسانی جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین،وزیراعظم نواز شریف نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پوری قوم پرعزم ہوکر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے گی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح کوئٹہ کے علاقے شاہراہ گلستان پر واقع آئی جی پولیس آفس سے متصل چوک کے قریب ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی،گاڑی نہ رکنے پر جب دوسری جگہ پولیس اہلکاروں نے گاڑی کوروکا تو اسی اثناء میں زوداردھماکہ ہوا۔جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 13افراد جاں بحق، جبکہ 21 زخمی ہوگئے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا خودکش تھا، 75 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، بم میں بال بیئرنگ اور نٹ بولٹس کا بھی استعمال کیا گیا۔دھماکہ اتنی شدید نوعیت کا تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔دھماکے سے موقع پر 2گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، زخمیوں میں بھی متعدد افراد پولیس اہلکار شامل ہیں۔پولیس کے مطابق دھما کا خیز مواد گاڑی میں نصب تھا، جس میں مبینہ طورپر ایک خودکش حملہ آور بھی موجود تھا، دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا ہے، جہاں پہلے ہی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔کمشنر کوئٹہ امجد علی خان اور ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے سول ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔دھماکے میں شہید افراد کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں،سنڈیمن پروانشل کے ترجمان ڈاکٹروسیم بیگ کے مطابق شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں میں سجاد علی ،لعل خان ،غنی خان ،فیصل ،غلام شبیر ،کاشف ،نعیم جبکہ سول ملازمین واپڈا کے ساجد حسین ،کیوڈی اے کے انور،لائیوسٹاک کے ڈاکٹرعبدالرحمن ،راہگیر ثناء اللہ ،محمدامین اورایک نامعلوم شخص شامل ہیں ۔21 زخمیوں میں سے 17کوطبی امدادکے بعد ہسپتال سے فارغ کردیاگیاجبکہ چار شدید زخمیوں راجن شاہ ،رحمت اللہ اورجان محمد ،سرفراز کو طبی امداددی جارہی ہے۔واقعہ کے بعد بم ڈسپوزل اسکارڈاورسکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو سیل کرکے شوہدہ اکٹھے کرناشروع کرد یئے ۔ڈی جی سول ڈیفنس محمد اسلم ترین نے بتایادھماکہ باظاہر خودکش تھاتاہم تمام ترشواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں۔واقعے کے بعد انسپکٹرجنرل پولیس بلوچستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ خان زہر ی رابطہ کرکے انہیں دھماکے متعلق رپورٹ پیش کی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کااعادہ کیاکہ دہشت گردوں کی کمرتوڑدی گئی ہے باقی رہ جانے والے دہشت گردوں کوبھی جلد کیفرکردار تک پہنچائیں گے ۔ادھر افطار سے کچھ وقت پہلے پارا چنار کے طوری بازار میں جب لوگ افطاری اورعید کی خریداری میں مصروف تھے کہ ایک ہلکی نوعیت کا دھماکا ہوا ،جس کے باعث وہاں اور آس پاس کی مارکیٹوں میں موجود جائے وقوعہ پر جع ہو گئے ابھی وہ حالات و واقعات کا جائزہ ہی لے رہے تھے کہ ایک اور شدید نوعیت کا دھماکہ ہو گیا جس کی آواز 10کلو میٹر دور تک سنائی دی،جس سے ہرطرف تباہی مچ گئی اور اکبر خان نامی مارکیٹ میں اس سے آگ لگ گئی ،جس کے نتیجہ میں 25 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ100کے زائد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے30سے زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جبکہ شہادتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہے ہے۔دھماکے سے طوری بازار قیامت صغریٰ کا منظر پیش کر رہا تھا ،ہر طرف زخمیوں کی چیخ و پکار دلوں کو دہلا رہی تھی ،مقامی لوگو اپنی مدد آپ کے تحت طوری بازار سے زخمیوں کو ہسپتال لے جانے کے لئے بھاگ دوڑ کرتے نظر آئے جبکہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج ،فرنٹیئر کور ،پولیس اور دیگر امدادی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دھماکے میں شہید اور زخمی ہونیوالے افراد کو ہسپتال پہنچایا ، ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے ،جبکہ سکیورٹی فورسز نے بھی جائے حادثہ کی جگہ کو گھیرے میں لیتے ہوئے ابتدائی طور پر امدای کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔صدرمملکت ،اور وزیر اعظم نواز شریف نے کوئٹہ اورپارا چنار میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم انسانوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی بزدلی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پرعزم ہوکر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے گی۔ سفاکانہ عمل میں ملوث دہشت گرد کسی طور قابل رحم نہیں، انہیں ہر صورت انجام تک پہنچائیں گے۔ادھروزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی کوئٹہ اور پارا چنار میں دھماکوں شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہیں ۔چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی،سپیکر وقمی اسمبلی ایاز صادق ،وزرائے ا علیٰ شہبازشریف ، مراد علی شاہ ، پرویز خٹک ، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، آصف علی زرداری ، عمران خان اور دیگر سیاسی و مذہبی قیادت نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور کہا ہے بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو کمزورنہیں کر سکتیں اتحاد اور اتفاق کی قومت سے دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -