واجبات کی عدم ادائیگی ،پی آئی اے کو تیل کی سپلائی بند،فضائی آپریشن متاثر،مسافر پریشان

واجبات کی عدم ادائیگی ،پی آئی اے کو تیل کی سپلائی بند،فضائی آپریشن ...

  

کراچی(آن لائن)پاکستان سٹیٹ آئل نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو تیل کی فراہمی بند کر دی ہے جس کے باعث قومی ائیر لائن کا فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے ،چار پروازیں منسوخ کر دی گئی جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں۔ پاکستان سٹیٹ آئل نے واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی ائیر لائن کوتیل کی فراہمی روک دی ہے۔ پی آئی اے نے پی ایس او کو ایک ہفتے تیل کی ادائیگی کی ہے اور سابقہ بقایاجات ادا نہیں کئے ہیں۔تیل کی فراہمی بند ہونے پر کراچی سے جدہ ، گوادر ، ژوب جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کراچی سے کوالالمپور ، کراچی سے پشاور پی کے 354 ، کراچی سے اسلام آباد پرواز پی کے 368 ، کراچی سے فیصل آباد کی پرواز پی کے 340 تاخیر کا شکار ہوئیں۔کراچی سے کوالالمپور جانے والی پرواز پی کے 898 اور کراچی سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 854 روک دی گئی ۔پروازوں کے رکنے سے مسافروں کی مشکلات میں ایسے وقت میں اضافہ ہوا ہے جب وہ اپنوں میں عید منانے کیلئے آبائی علاقوں کو جا رہے ہیں۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -