افغان مہاجرین کو پانے وسائل سے معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں:عاطف خان

افغان مہاجرین کو پانے وسائل سے معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں:عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ افغانی ہمارے اپنے بھائی ہیں لہذاحکومت خیبرپختونخواافغان مہاجرین کے بچوں سمیت سب کوبلاامتیازاپنے وسائل سے معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے انہوں نے واضح کیا کہ اافغانی بچوں کی تعلیم کے لئے صوبائی حکومت کو مرکز سمیت کسی بھی ادارے سے کوئی خصوصی گرانٹ یا امداد نہیں مل رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں امریکی قونصل جنرل ریمنڈ مک گریتھ سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پرقونصلیٹ کے پولیٹیکل اکنامک چیف مٹن میئراورسیکرٹری تعلیم شہزاد بنگش بھی موجود تھے۔وہ کچھ دیر تک صوبائی وزیر کے ساتھ رہے اور ان کے ساتھ تعلیم سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر موصوف نے انہیں تعلیم کے شعبے میں حکومت کی جانب سے شروع کردہ اصلاحات اور اقدامات خصوصاً افغان مہاجرین اور زنانہ تعلیم کے فروغ کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت کی زیادہ تر توجہ ماضی میں نظرانداز کردہ خواتین کی 52فیصد آبادی پر مرکوز ہے اور نئی تعلیمی پالیسی میں گرلز سکولز کا کوٹہ 35فیصدسے بڑھا کر70فیصدکردیاہے جبکہ گرلز کے لئے 1450کمیونٹی سکولز قائم کئے گئے ہیں اسی طرح تمام گرلز ہائی اورہائیر سیکنڈری سکولوں میں ترجیحی بنیادوں پرآئی ٹی لیب قائم کئے جارہے ہیں۔عاطف خان نے کہا کہ گزشتہ 4سالوں کے دوران تعلیمی بجٹ میں 113فیصد اضافہ کرکے اسے 61ارب روپے سے بڑھاکر 138ارب روپے کردیاہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے جبکہ سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب کی تعداد 179سے 1340تک پہنچایاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت سرکاری سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی پر اب تک 25ارب روپے خرچ کر چکی ہے اور 21لاکھ میں سے 14لاکھ بچوں کوفرنیچر فراہم کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار خالصتاً میرٹ پر 40ہزار اساتذہ بھرتی کئے ہیں اور مزید 15ہزار اساتذہ بھرتی کئے جارہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پرائمر ی سطح پر انگلش میڈیم آف انسٹرکشن متعارف کرانے کے لئے برٹش کونسل کے تعاون سے 570ملین روپے کی لاگت سے 83ہزار اساتذہ کو خصوصی تربیت دی جارہی ہے اس کے ساتھ ساتھ سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لئے آن لائن ایکشن مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا گیاہے۔امریکی قونصل جنرل نے فروغ تعلیم کے لئے حکومت خیبرپختونخواکی کاوشوں کو سراہا۔