یوم القدس مسلمانوں کی وحدت کا مظہر ہے، علی آقا نوری

یوم القدس مسلمانوں کی وحدت کا مظہر ہے، علی آقا نوری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)فلسطینی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے یوم القدس کے موضوع پر محفل شعر و سخن خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی اور علمی، ادبی و ثقافتی تنظیم ابلاغ کے اشتراک سے منعقد ہوئی ۔ صدارت پروفیسر جلیل عالی نے کی جبکہ علامہ اسد رضا بخاری مہمان خصوصی تھے۔ ڈائریکٹر جنرل علی آقا نوری نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد حضرت امام خمینی نے مسلمانوں کی بین الاقوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم القدس قرار دیا ۔ تاکہ دنیا بھر کے مسلمان ہر سال اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کریں روز قدس در اصل مسلمانوں کی وحدت کا مظہر ہے اور جو یہودیوں کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ابلاغ کے صدر سید تنویر حیدر نے کہا کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہمدردی کا دن ہے جو یہودی مظالم کا پردہ آشکار کرتا ہے۔ مہمان خصوصی علامہ اسد رضا بخاری نے کہا روز قدس کی برکت سے دنیا بھر میں طاغوت کا چہرہ بے نقاب ہورہا ہے۔ یوم القدس در اصل امام خمینی کی عالمی سیاسی بصیرت کا آئینہ دار ہے جو مسلمانوں کو ظلم کے خلاف یکجا ہونے کی دعوت دیتا ہے۔ صدرمحفل جلیل عالی نے کہا اسرائیل ایک غاصب ریاست ہے جس نے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے ہیں۔ محفل شعر و سخن سے کمیل قزلباش، علی یاسر، خاور نقوی، خرم خلیق، جنید آذر، شہزاد زیدی، قیوم طاہر، ملکہ رضوانہ، اطہر ضیاء اور دیگر شعرا نے اشعار پیش کیے۔