پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے بھارت چھوڑ دیں:خیرالحسن رضوی

پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے بھارت چھوڑ دیں:خیرالحسن رضوی

  

نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت میں قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین خیرالحسن رضوی نے کہاہے جو لوگ پاکستان کی کامیابی کا جشن مناتے ہیں، و ہ بھارت چھوڑ کر پاکستان چلے جائیں ۔آئی سی سی چمپئنز ٹرافی فائنل میں پاکستان کی کامیابی کے بعد بعض کرکٹ شائقین کی جانب سے پا کستان کے حق میں جشن منانے کے واقعہ کے تناظر میں انھوں نے کہاجو لوگ پاکستان کے حامی ہیں،انھیں بھارت چھوڑ دینا چاہیے ۔گز شتہ روز میرٹھ میں میڈیا سے گفتگومیں انکا کہنا تھا پاکستان کے حق میں خوشی کا اظہار کرنیوالے اِس ملک میں رہنے کے حقدار نہیں ہیں۔ بھار ت میں بعض لوگ پاکستان کی کامیابی پر خوش ہوتے ہیں اور جشن مناتے ہیں،پاکستان کی کامیابی ان کیلئے عید سے قبل عید کا منظر پیش کررہی تھی، لیکن میں ان سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں اِن کا دل اس ملک میں اٹکا ہوا ہے تو انھیں وہیں جاکر رہنا چاہئے۔ انھوں نے اس سوال پر تبصرے سے انکار کیاکہ پاکستان کی کامیابی کا جشن منانے کا مطلب یہ ہوگا کہ بھارت میں جشن منانے والے لوگوں کی وہ حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کی کامیابی کا جشن منانے والے لوگوں نے غلط کیاہے لہٰذا میں نے جو کچھ کہا درست ہے۔ بی جے پی کے سابق اقلیتی ونگ لیڈر نے کہابعض لوگوں کا خیال ہے پاکستان کی کامیابی سے انھیں خوشی حاصل ہوتی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے پڑوسی ملک کی کامیابی کا جشن منانے کے بعد 15افراد کو غداری کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح کا کیس کیرالا میں بھی پیش آیا جہاں 23افراد پر کیس درج کیا گیا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -