عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب ،سندھ اور خیبر پختونخوا سمیت بیشتر مقامات پر مون سون بارشوں کی توقع ہے: محکمہ موسمیات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے سے ملک میں مون سون کی باقاعدہ بارشوں کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی تعطیلات (پیر سے بدھ) کے دوران ملک کے بالائی علاقوں اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواﺅ ں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔
فورکاسٹنگ آفیسر عمران احمد صدیقی کے مطابق پیر سے جمعہ کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواﺅںجبکہ بدھ سے ہفتہ کے دوران زیریں سندھ اور مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں تیز ہواﺅں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی امید ہے۔
اگلے 2روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم میرپور خاص، قلات اور ژوب ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہسندھ کے ساحلی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اوربوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی اوردالبندین میں 49، پنجگور، دادو، روہڑی، سکھر، شہید بینظیرآباد 43 ڈگری جبکہ آج لاہو ر میں کم سے کم 24اورزیادہ سے زیادہ 37،اسلام آباد 23اور37،کراچی 29اور 35،پشاور میں 25اورزیادہ سے زیادہ 38،کوئٹہ میں کم سے کم 21اور زیادہ سے زیادہ 39،گلگت 16اور38جبکہ چترال میں 22اور زیادہ سے زیادہ 41ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔