یو اے ای کی شہزادی کو غلام کیساتھ غیر انسانی سلوک کرنے پر قید اور جرمانے کی سزا کا حکم
برسلز (ڈیلی پاکستان آن لائن )بیلجیم کی عدالت نے متحدہ عرب امارات کی شہزادی کو انسانی سمگلنگ اور اپنی خادماﺅں کیساتھ غیر انسانی سلوک کرنے پر سزا وار قرار دیتے ہوئے جرمانے کا حکم سنا دیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیم کی عدالت نے یو اے ای کے شاہی خاندان کی اٹھویں شہزادی شیخا حمدا النہیان اور ان کی 7بیٹیوں کو انسانی سمگلنگ اور 10سال قبل برسلز کے ہوٹل میں اپنے غلاموں کیساتھ غیر انسانی سلوک کرنے پر 15ماہ کی سزا اور 1لاکھ 65ہزار یورو یعنی1لاکھ 85ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم سنا دیا ۔
شہزادی کیخلاف 2007ء-08کے دوران بیلجیم کے ہوٹل میں 23خادماﺅں کے ساتھ کئی ماہ قیام کے دوران نارواں سلوک کرنے پر ایک غلام نے فرارہو کر بیلجیم پولیس کو آگاہ کرنے پر درج کیا گیا تھا ۔ ان غلاموں میں بہت سی خواتین افریقی تھی جو عرصہ دراز سے شاہی خاندان کے ساتھ کام کر رہی تھیں۔
اپنے دورے کے دوران شہزادی شیخا حمدا النہیان نے ہوٹل کی ایک منزل کرائے پر لے تھی جہاں خادماﺅں کو غیر معیاری خوراک اور رہائشی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔ انہیں سونے کیلئے شہزادی کے کمرے کے باہر چوراہے پر گدے دیے جاتے رہے اور ہوٹل کی اس منزل سے نیچے یا اوپر جانے کی اجازت بھی نہیں تھی ۔
مدعی کے وکیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم عدالتی فیصلے سے پوری طرح مطمئن ہیں اور یہی کچھ ہم پچھلے نو سالوں سے مانگ رہے تھے ۔شیخا حمدا النہیان نے الزامات کو مسترد کر تے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا ۔