جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 3رنز سے شکست دے دی ،سیریز ایک ایک سے برابر
ٹاونٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کرکٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1سے برابر کردی ۔
تفصیل کے مطابق انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 174رنز بنائے ۔کپتان اے بی ڈی ویلیئر ز نے 46اور سمٹس 45رنز بنا کر نما یاں رہے ۔دیگر بلے بازوں میں فرحان بہاردین 32،ہینڈرکس 7،منگالیزو 15،ڈیوڈ ملر 8اور کرس مورس 12رنز بنا سکے۔انگلینڈ کی جانب سے ٹام کیورن 3،لیام پلنکٹ 2جبکہ ڈیوڈ ویلے ،کرس جورڈن اور ڈاسن ایک ،ایک وکٹ حاصل کر سکے ۔
جواب میں برطانوی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں پر 171رنز بنا سکی ، 15رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد جیسن روئے اور جونی بیئر سٹو نے میدان سنبھا لا ،دونوں نے ڈٹ کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 110بنائے ۔دونوں کھلاڑی 125کے مجموعی سکور پر یکے بعد دیگر ے آوٹ ہو گئے اور ان کے بعد انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکا ۔