چندن پربھارکر کی دی کپل شرما شو میں واپسی، پروگرام کی ڈوبتی کشتی کو سہارا مل گیا

چندن پربھارکر کی دی کپل شرما شو میں واپسی، پروگرام کی ڈوبتی کشتی کو سہارا مل ...
چندن پربھارکر کی دی کپل شرما شو میں واپسی، پروگرام کی ڈوبتی کشتی کو سہارا مل گیا

  

ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف مزاحیہ بھارتی اداکار اور ’دی کپل شرما شو‘ میں چندو چائے والے کا کردارنبھانے والے چندن پر بھار کر شو میں واپس لوٹ آئے ہیں جس کے باعث ’ کپل شرما شو ‘ کی ڈوبتی ناﺅ کو سہار ا مل گیا ہے۔ چندن پر بھارکر کی واپسی کے بعد پہلی قسط کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے، ریکارڈنگ کے بعد یہ قسط اتوار کے روزبھارتی ٹی وی پر ناظرین کے لئے پیش کی جائے گی ۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق شو کے اہم کردار ’ڈاکٹر مشہور گولاٹی‘ سنیل گروورابھی تک شو میں واپسی کے لئے راضی نہیں ہو سکے ۔ سنیل گروور نے شو میں واپسی کے لئے بھاری شرائط کی فہرست شو انتظامیہ کو تھماتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میری شرائط پوری کر دی جاتی ہیں تو شو میں واپسی کا سوچ سکتا ہوں جس پر شو انتظامیہ اور کپل شرما ان کے ساتھ معاملات طے کرنے میں مصروف ہیں ۔

واضح رہے کہ دی کپل شرما شو کے دوسرے کردار میزبان کپل شرما کے ساتھ جھگڑے کے نتیجے میں شو سے علیحدگی اختیار کر گئے تھے جس کے باعث شو کی ریٹنگ انتہائی خطرناک حد تک کم ہو گئی تھی ۔ سونی انٹرٹینمنٹ انتظامیہ نے شو کے میزبان کو کرداروں کو واپس لو یا شو بند کر دینے کی شرائط لاگو کی تھی جس پر کپل شرما ’ مرتے کیا نہ کرتے ‘ اپنے تمام ناراض دوستوں کی منت سماجت میں جت گئے تھے اور انہیں اس محنت کے صلے میں اب تک چندو چائے والے کی شکل میں صرف ایک ہی کامیابی حاصل ہو سکی ہے، جنہیں واپس شو میں پا کر کپل شرما خوشی سے پھولے نہیں سما رہے اور پر امید ہیں کہ جلد ہی وہ اپنے دیگر ساتھیوں سنیل گروور، علی اصغر اور سگندھا مشرا کو بھی شو میں واپس لانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ کچھ ماہ پہلے آسٹریلیا کے ٹور سے واپسی پر دی کپل شرما شو کے میزبان کپل شرما نے دوران پرواز شراب کے نشے میں دھت ہو کر اپنے ساتھی اداکاروں سنیل گروور، چندن پربھارکر کے ساتھ شدید بدتمیزی کی تھی جس کے بعد یہ تمام لوگ شو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

مزید :

تفریح -