ورلڈ ہاکی لیگ ،بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کو ’’ناک آؤٹ کر دیا ،ایک کے مقابلے میں 6گولوں سے شکست دے دی

ورلڈ ہاکی لیگ ،بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کو ’’ناک آؤٹ کر دیا ،ایک کے ...
ورلڈ ہاکی لیگ ،بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کو ’’ناک آؤٹ کر دیا ،ایک کے مقابلے میں 6گولوں سے شکست دے دی

  

لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)ہاکی ورلڈ لیگ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستانی ٹیم کو پوزیشن میچ میں ایک بار پھر1گول کے مقابلے میں 6گولوں سے شکست دے دی ہے ،کوارٹر فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی ٹیم نے پورے میچ میں اپنی گرفت مضبوط رکھتے ہوئے گرین شرٹس کی ایک نہ چلنے دی اور یکطرفہ طور پر فاتح ٹھہری ،اس سے قبل بھی بھارتی ٹیم نے گروپ میچ میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 1کے مقابلے میں 7گولوں سے شکست دی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہاکی لیگ میں کوارٹر فائنل ہارنے والی پاکستان اور بھارت کی روایتی حریف ٹیموں کے درمیان ’’پوزیشن میچ‘‘ میں ہندوستانی ٹیم نے ایک بار پھر پاکستان کو شکست دے دی ،بھارت کی جانب سے من دیپ سنگھ اور رمن د یپ سنگھ نے 2، 2گول داغے ،پاکستان کی طرف سے واحد گول اعجاز احمد نے 41ویں منٹ میں کیا ۔بھارت نے میچ کے آغاز سے ہی میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور 8ویں منٹ میں رمن دیپ سنگھ نے پہلا گو ل کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی ،اسکے بعد 25ویں ، 27ویں اور 28ویں منٹ میں تلودر اور من دیپ سنگھ نے اوپر تلے گول کر کے بھارتی ٹیم کو واضح برتری دلا دی ۔پاکستانی ٹیم کے خلاف 5واں گول 36ویں منٹ میں ہوا جبکہ اس کے پانچ منٹ بعد پاکستانی کھلاڑی اعجاز احمد نے 41ویں منٹ میں گول کر کے واحد گول کرنے کا ’’اعزاز ‘‘ حاصل کیا ۔میچ کے 59ویں منٹ میں بھارتی کھلاڑی رمن دیپ سنگھ نے مجموعی طور پر چھٹا اور اپنا انفرادی دوسرا گول کر کے ہندوستان کی جیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ۔میچ میں پاکستان اور بھارت کے ایک ایک کھلاڑی کو قوانین کی خلاف ورزی پر کارڈز دکھائے گئے ،بھارت کے سردار سنگھ کے حصے میں گرین کارڈ جبکہ پاکستانی کھلاڑی عمر سرفراز کو پیلا کارڈ دکھایا گیا ۔بھارت اب پانچویں یا چھٹی پوزیشن کے لئے کینیڈا سے مقابلہ کرے گی ۔

مزید :

کھیل -