پشاورپولیس کی جانب سے شہدا ء کے لیئے عید گفٹس کی تقسیم میں بدعنوانیوں، بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کا انکشاف
پشاور(آن لائن)پشاورپولیس کی جانب سے شہدا ء کے لیئے عید گفٹس کی تقسیم میں بدعنوانیوں، بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ھے۔ پولیس لائن پشاور کے ایک ایس پی نے بیشتر گفٹس اپنے رشتہ داروں اور دوستوں میں تقسیم کر دیئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ محکمے کی جانب سے پولیس کے شہدا میں گفٹس کی تقسیم ایک دکھاوا تھی جس میں کئی پولیس افسروں نے شہدا کے ورثاءکے ساتھ عید گفٹس دیتے ہوئے تصاویر تو بنائیں اور میڈیا میں شائع بھی کروائیں ، مگر ایسا بھی ہوا ہے کہ پشاور پولیس کے ایک ایس پی نے مذکورہ گفٹس تقسیم کرنے کی بجائے اپنے رشتہ داروں اور دوستوں میں بھی تقسیم کئے اور ریکارڈ میں شہدا کا ذکر کیا یہ مذکورہ تحائف شہدا کے ورثاء تک پہنچ گئے ہیں جو سب گھپلا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ شہدا کیلئے بھجوائی جانے والی مٹھائی بھی باسی تھی جو مہنگے داموں خریدی گئی جبکہ شہدا کے ورثاء کو بھجوایے جانے والے 4 سوٹ ناقص کوالٹی کے کپڑے سے تیار کئے گئے تھے جو 2تین بار دھونے سے پھٹ جاتے ہیں۔ کئی پولیس افسروں نے اپنے شہدا کو بھی نہ بخشا اور قومی خزانے کو لاکھوں کا ٹیکہ لگا دیا جبکہ میڈیا میں سب اچھا ہے کی پریس ریلیزیں جاری کی گئیں،اس بارے میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔