مجاہدین کا سری نگر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ ،ایک سب انسپکٹر ہلاک 2اہلکار زخمی
سری نگر(ڈیلی پاکستان آن لائن)مقبوضہ جموں و کشمیر میں مجاہدین کا سری نگر میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی گاڑی پر حملہ ،سب انسپکٹر ہلاک ،2پولیس اہلکار شدید زخمی ،مجاہدین بحفاظت نکلنے میں کامیاب۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق جموں و کشمیر میں نامعلوم مجاہدین نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)کے قافلے پر حملہ کر کے ایک سب انسپکٹر کو ہلاک اور 2پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں ،بھارتی سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے ۔دوسری طرف سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے آئی جی روی دیپ ساہی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدین نے ہماری گاڑی پر شام 5بجکر 50منٹ پر فیتھ چوک بائی پاس کے قریب فائرنگ کی جس میں ہمارے ایک سب انسپکٹر ہلاک جبکہ 2اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں مقامی ہسپتال پہنچا کر طبی امداد دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی آرپی ایف نے بھی حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔اس واقعہ کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے جبکہ گھر گھر تلاشی مہم بھی جاری ہے ۔بھارتی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور ایک سکول میں چھپ گئے ہیں کیونکہ وہ اسی سکول کی طرف فرار ہوئے تھے ،تاہم بھارتی سیکیورٹی فورسز نے مشکوک سکول کی عمارت کے گرد بھی گھیرا ڈالتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔