مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری کمیٹی کو چاند نظر آگیا، عید الفطر منانے کا اعلان، پاکستان کے لوگ اتوار کو 29 واں روزہ رکھیں گے

مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری کمیٹی کو چاند نظر آگیا، عید الفطر منانے کا ...
مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری کمیٹی کو چاند نظر آگیا، عید الفطر منانے کا اعلان، پاکستان کے لوگ اتوار کو 29 واں روزہ رکھیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی امیدوں پر پانی پھر گیا، مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی عدم موجودگی میں بھی مسجد قاسم علی خان میں چاند دیکھنے کیلئے غیر سرکاری اجلاس بلایا گیا اور مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی 46 سے زائد شہادتوں کی تصدیق کے بعد اتوار کے روز عید منانے کا اعلان کردیا گیا۔ خیال رہے چونکہ یہ سرکاری اعلان نہیں ہے اس لیے پاکستان کے لوگ اتوار کے روز 29 واں روزہ رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مقابلے میں چاند دیکھنے والی غیر سرکاری کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی دبئی جا چکے ہیں ۔ ان کی عدم موجودگی میں خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید اس بار پاکستان کے لوگ ایک ساتھ عید منانے میں کامیاب ہو سکیں گے لیکن مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے بغیر بھی چاند دیکھنے کیلئے اجلاس بلایا گیا ۔

سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا، خلیجی ممالک اور یورپ سمیت متعدد ممالک میں عید الفطر اتوار کو منائی جائے گی
نجی ٹی وی سما کے مطابق مسجد قاسم علی خان میں غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں بیٹھے لوگوں کوخیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی 46 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں۔ نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کو 15 شہادتیں پشاور، 12 بنوں، جنوبی و شمالی وزیرستان اور کرک سمیت مختلف علاقوں سے موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد کمیٹی کے ارکان نے اتوار 25 جون کو عید الفطر منانے کا اعلان کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کے روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امسال پاکستان بھر میں ایک ہی عید منائی جائے گی ، لیکن مسجد قاسم علی خان نے اس بار بھی ان کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے اپنی علیحدہ عید منانے کا اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کے روز پشاور میں چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت ہوگا اور پاکستان کے لوگ اسی سرکاری اعلان کے مطابق عید منائیں گے جبکہ اتوار کے روز 29 واں روزہ رکھیں گے۔