167 لوگوں نے ایسا زبردست ریکارڈ بنالیا کہ سن کر آپ بھی کہیں گے کہ انسانیت ابھی زندہ ہے

167 لوگوں نے ایسا زبردست ریکارڈ بنالیا کہ سن کر آپ بھی کہیں گے کہ انسانیت ابھی ...
167 لوگوں نے ایسا زبردست ریکارڈ بنالیا کہ سن کر آپ بھی کہیں گے کہ انسانیت ابھی زندہ ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک (نیوز ڈیسک) ہر سال کی طرح اس بار بھی فادرز ڈے دنیا بھر میں منایا گیا لیکن امریکی ریاست انڈیانا میں میکڈونلڈز کے ایک ریسٹورنٹ پر اس دن کے حوالے سے ایک ایسا خوبصورت واقعہ پیش آیا کہ جس نے ہر سننے والے کو جذباتی کردیا ہے۔
دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق میکڈونلڈز کے مقامی ریسٹورنٹ پر کام کرنے والے شخص ہنٹر ہوسٹلر نے اس واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا ’’فادرز ڈے کے موقع پر ہمارے ڈرائیو تھرو میں کافی رش تھا اور گاڑیوں کی ایک لمبی قطار نظر آرہی تھی۔ ایک خاتون کھانا خریدنے کے بعد جب ادائیگی کررہی تھی تو اس نے دیکھا کہ اس سے پچھلی کار میں ایک صاحب موجود تھے جن کے ساتھ چار بچے بھی تھے۔ انہیں اندازہ ہوگیا کہ یہ صاحب بھی فادرز ڈے پر اپنے بچوں کو تفریح کروانے کیلئے نکلے ہیں لہٰذا خاتون نے انہیں چپکے سے ایک تحفہ دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے سٹاف سے کہا کہ وہ پچھلی کار میں موجود افراد کا کھانے کا بل فادرزڈے کے تحفے کے طور پر ادا کر رہی ہیں۔ جب ان صاحب کی باری آئی تو وہ یہ بات جان کر انتہائی خوش اور جذباتی ہوئے اور انہوں نے بھی فیصلہ کیا کہ وہ اپنے پیچھے موجود گاڑی والوں کا بل بطور تحفہ ادا کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یوں ایک کے بعد ایک جو بھی کسٹمر آیا اس نے اپنے پیچھے آنے والے کا بل ادا کیا اور یہ سلسلہ 167 گاڑیوں تک جاری رہا، کیونکہ اس کے بعد ریسٹورنٹ کو بند کرنے کا وقت ہوگیا تھا۔ یہ بے حد خوش اور جذباتی کردینے والا منظر تھا جسے دیکھ کر انسانیت پر میرا یقین پختہ ہوگیا۔‘‘
یاد رہے کہ یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے 2015ء میں فلوریڈا کے علاقے لیک لینڈ کے ایک میکڈونلڈز ریسٹورنٹ پر ایک ایسا ہی واقعہ پیش آچکا ہے۔ تب ایک گاہک سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ اگلے 250 گاہکوں تک جاری رہا تھا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -