پولیس ملازم کو روحانی ودنیاوی ترقی کا راستہ مل گیا،یہ کیسے ممکن ہوا ،آپ بھی جانئے
لاہور(نظام الدولہ )اسلام علیکم ،میں پولیس ڈپارٹمنٹ میں ہوں ۔آپ کی ہدایت پرمیں نے تیسرے کلمہ پاک کی تسبیح شروع کررکھی ہے ۔چند روز پہلے تسبیح پڑھتے ہوئے میری آنکھ لگ گئی،فجر کی نماز کا وقت ہوگا ،اس وقت میں پولیس لائن کے ڈیوٹی روم میں تھا ۔
میں نے دیکھا کہ ہمارے ڈی پی او صاحب انعامات دے رہے ہیں۔میں بھی انعام لینے والوں میں تھا ۔جب میں انعام لینے جاتا ہوں تو مجھے احساس ہوتا ہے کہ میں یونیفارم کے ساتھ کیپ پہننا بھول گیا ہوں ۔ ڈی پی او صاحب دیوار کے اوپر کھڑے تھے ،میں نے زور سے انہیں پاوں زمین پر مار کر سلام کیا تو انہوں نے میرا انعام میری جانب پھینکا اور کہا یہ لو ۔اور یہ لفظ انہوں نے تین بار بولے۔جو انعام انہوں نے دیا وہ لیڈیز رومال تھے۔میں ڈیوٹی روم میں جاتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ وہ رومال عمدہ پیکنگ میں تھے اور لیڈیز نہیں بلکہ انتہائی اور بہترین مردانہ رومال تھے ۔پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (طاہر سلیم )
تعبیر۔مجموعی طور پر اچھا خواب ہے ۔اس میں آپ کے روحانی ترقی حاصل کرنے کے اشارے موجود ہیں۔آپ کو غیب سے مدد ملے گی ،باوضو رہنے کی کوشش کریں ،عزت اور مقام حاصل ہوگا۔بدگمانی سے بچنے کی کوشش کریں ،ایسے حالات پیش آنے کا اشارہ ہے کہ دل میں بدگمانی پیدا ہوگی ،کوئی دوسرا معاون ساتھی بھی ملے گاجو اچھا ثابت ہوگا اور آپ کی عزت کرے گا ۔اپنی تسبیح جاری رکھیں ۔(خواب آپ کی زندگی بدل سکتے ہیں،نجی،کاروباری ،بیماری ،خوشی غم،سفر،ازدواجی زندگی ایسے بے شمار معاملات کی خواب میں نشانی مل جاتی ہے ۔ آپ اپنے خوابوں کی تعبیر جاننا چاہتے ہیں تو اس پر ای میل کرتے ہوئے خواب تفصیل سے لکھیں ،یہ بھی ساتھ لکھیں کہ کیا آپ کوئی دوا کھاتے ہیں،کس مرض کی دوا ہے ۔عمر کتنی ہے،پیشہ کیا ہے۔شادی شدہ ہیں ۔خواب کس وقت دیکھا تھا،اس وقت پاکیزہ تھے؟خواب کی تعبیر اسی کالم میں بیان کی جائے گی،الگ سے جواب نہیں دیاجائے گا nizamdaola@gmail.com )