بروقت انتخابات کیلئے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں:لیاقت بلوچ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ مجلس عمل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2018کا انتخاب یقینی ہے، سیاسی جماعتیں بے یقینی کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں کہ انتخاب نہیں ہوں گے مگر انتخابات اب نوشتۂ دیوار ہے، بروقت انتخابات کے لیے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں ،انتخاب پاکستان کے عوام کا جمہوری اور سیاسی حق ہے اب کوئی اس سے محروم نہیں کرسکتا،کراچی میں پورے عزم و یقین سے انتخابات کی تیاری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، دینی جماعتیں اب متحد ہوچکی ہیں حالات اب بدلنے والے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی متحدہ مجلس عمل نے ایک ویژن کے ساتھ کام کیا اور اب بھی کرے گی ، مشرف کے دور میں لندن میں ایک آل پارٹیز کانفرنس ہوئی تھی اس وقت ساری جماعتوں نے طے کیا کہ فوجی آمرکی موجودگی میں سیاسی جماعتیں انتخابات میں نہیں جائیں گیں مگر اگلے ہی دن پیپلز پارٹی نے اپنے مؤقف سے روگردانی کی اور نواز شریف بھی انتخابات کی جانب چلے گئے اس طرح مجلس عمل بھی غیر فعال ہوگئی مگر ہمارے درمیان محبت کا رشتہ قائم رہا ۔انہوں نے کہاکہ مجلس عمل نے مختصر مدت میں اتفاق پیدا کیا ۔مرکزی ،صوبائی اور ضلعی قیادت کا انتخاب کیا ، منشور تشکیل دیاگیا ۔مجلس عمل نے کم وقت اور کم وسائل کے ساتھ مینار پاکستان میں تاریخی جلسہ کیا۔انہوں نے کہا کہ 24جون کو پشاور میں جلسہ ہوگا، 28جون کو کراچی میں علماء کنونشن ، 29جون کو ملتان میں جلسہ ہوگا ،یکم جولائی کو مولانا شاہ احمد نورانی کی برسی پر جلسہ ہوگااور 8جولائی کو کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا جائے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ایم ایم اے کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ جہاں ہر طرف ٹکٹوں کے حصول کے لیے مظاہرے اور دھرنے کیے جارہے ہیں وہاں متحدہ مجلس عمل اپنے قومی و صوبائی اسمبلی کے نمائندوں کا پورے اعتماد کے ساتھ نام پیش کررہی ہے ، یہی اتحاد ہے کہ جس کے نتیجے میں کراچی کے عوام جو تذبذب کا شکار ہیں وہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت کو کامیاب کرائیں گے ، سید حماد اللہ نے کہا کہ مجلس عمل حیران کن نتائج دے گی۔محمد مستقیم نورانی نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل نے سنجیدہ فکر کی حامل دینی ومذہبی قیادت قوم کو دی ہے۔ہم عزم و ہمت کے ساتھ انتخابات لڑیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے تاکہ مذہبی شناخت رکھنے والے عظیم شہر کراچی پر دہشت گردی ، بھتہ خوری اور قتل و غارت گری کے داغ دھل سکیں ۔ سرور علی نے کہاکہ آج کا یہ اتحاد متحدہ مجلس عمل کی صورت میں خوبصورت گلدستہ کی صورت میں موجود ہے جس کی مثال پوری دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔
Back to Conversion Tool