نوازشریف نے فاروق لغاری کو انگریزوں کے کتے نہلانے والے لوگ کہہ کر مخاطب کیا: ذوالفقار کھوسہ
ڈیرہ غازی خان( آن لائن )سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا ہے کہ میاں برادر ان ذاتی مفادکے سوا کسی کے نہیں، نوازشریف نے سابق صدر سردار فاروق خان لغاری کوانگریزوں کے کتے نہلانے والے لوگ کہہ کر مخاطب کیا، لیکن افسوس آج سردار فاروق خان لغاری کے دونوں بیٹے نوازشریف اور شہباز شریف کی کامیابی کیلئے ووٹروں کو اپنے باپ کے واسطے دینے لگے، میرے ووٹروں کو پھنسانے کیلئے جھوٹے مقدموں کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اگر کسی ووٹر یا سپورٹر کے خلا ف مقدمہ درج ہو ا تو اسکے بدلے میں سردار امجد فاروق کھوسہ اور سردار محسن عطا کھوسہ کے خلاف مقدمہ درج کراکر ایک ایک ووٹر کی حفاظت کرنا جانتا ہوں۔
عمران خان نے ہسپتال بنا کر اچھے کام کا آغاز کیا، تمام میرے ساتھی پی ٹی آئی کا جھنڈا اٹھائیں اور 25جولائی کو بلے کے نشان پر مہر لگاکر پی آئی کے امیدوارو ں کو کامیاب کریں۔ یہ بات امیدوار این اے 190 اور سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے شاہ صدر دین میں سابق ناظم انجینئرسردار عمر خان کھوسہ کی دعوت کے دوران انتخابی جلسہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پرسردار ذوالفقار علی خان کھوسہ اپنے مخالفین پر برس پڑے جنہیں پہچانتا کوئی نہیں تھا ان کو سیاست میں انگلی پکڑ کر چلنا سیکھایا ،جائیدادیں اور نوکریاں دیں آج وہ الیکشن میں وہ میرا مقابلہ کررہاہے انصاف عوام کرے گی جو میرے ساتھ وفا نہیں کرسکتا وہ عوام کے ساتھ کیا خیر خواہی کرے گایہ صرف عوام کو استعمال کرنے والے مطلب پرست لوگ ہیں ان کی کسی سے وفاداری نہیں۔
اس موقع پر سردار سیف الدین خان کھوسہ اور سردار جاوید اختر لنڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین بدحواس ہو چکے ہیں انکے پاﺅں اکھڑ چکے ہیں یہ لوگ پیسے کا لالچ دے کر اہل علاقہ اور ووٹرز کا ایما ن اور ضمیر خریدنے ناکام کوشش کررہے ہیں پانچ سال لوگوں کا استحصال کرنے والے اب بجلی کے بل اپنی جیب سے ادا کررہے ہیں، اور کارکردگی کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر بجلی کے کھمبے اور تاریں لگوائی جا رہی ہیں۔
اجرک کاندھے پر رکھ کرپگڑیا ں باندھ کر عوام میں آگئے ہیں، یہ پانچ سال تک کدھر تھے، عوام ان سے ضرور پوچھیں جن لوگوں کو 30سال سے ووٹ دیتے آرہے ہیں ان لوگوں نے ٹکے کا کام نہیں کیاآج بھی وہی محرومیاں ہیں عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں عوام نے ان کو عزت دی، انہوں نے عوام کی پگڑیاں اپنے پاﺅں تلے رونددیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت قوم کی مجرم ہے۔