ٹھٹھہ میں8 سال قبل انتقال کر جانےوالا شخص بھی الیکشن لڑے گا
ٹھٹھہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) عام انتخابات 2018 میں حصہ لینے کےلئے8 سال قبل انتقال کر جانے والا شخص حاجی ذاکر حسین کلاتری دوبارہ زندہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حاجی ذاکر نے120 گز کا پلاٹ جعلی دستاویزات پر فروخت کیا تھا۔ وہ کراچی کے تھانہ نارتھ ناظم آباد میں درج فراڈ کے مقدمے میں ملوث تھا۔ جس سے جان چھڑانے کےلئے اس نے اثر و رسوخ استعمال کر کے ضلع ٹھٹھہ کی تحصیل میرپور بٹھورو کی یونین کونسل دریا خان سوہو سے فوتی سرٹیفکیٹ جاری کرایا جس کی بنیاد پراس کی مقدمے سے جان چھوٹی۔
سرٹیفکیٹ میں اس کے انتقال کی تصدیق کرنے والے دو گواہان کے نام بھی تحریر ہیں۔ مخالف امیدواروں کا کہنا ہے کہ حاجی ذاکر حسین کی نا اہلی کےلئے عدالت سے رجوع کر رہے ہیں۔ حاجی ذاکر عام انتخابات میں ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے گھوڑا باری کے علاقوں پر مشتمل پی ایس 78سے آزاد امیدوار بھی ہے۔