منہ کھر کی بیماری کے خاتمہ سے لائیو سٹاک کی برآمدات میں اضافہ ہوگا،حسنین دریشک

  منہ کھر کی بیماری کے خاتمہ سے لائیو سٹاک کی برآمدات میں اضافہ ہوگا،حسنین ...

لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہاہے کہ مویشیوں کی بیماری منہ کھر کے خاتمے سے لائیوسٹاک کی بر آمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔اس میٹنگ میں اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک زراعت کے نمائندہ ڈاکٹر افضل اور سیکرٹری لائیوسٹاک زاہد حسین کے علاوہ ڈائریکٹر ڈیزیز رپورٹنگ اینڈ سرویلنس اور ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک وزراعت کے نمائندہ ڈاکٹر افضل نے صوبائی وزیر لائیوسٹاک پنجاب کو او آئی ای کے مشن بارے بتایا جو 24جون سے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ ڈاکٹر افضل نے بتایا کہ پانچ سال پہلے اوآئی ای کا یہ مشن2014میں پاکستان آیا اور47نکاتی پروگرام دے کر گیاتھا جس پہ عمل کرکے پاکستان کو منہ کھر بیماری سے مکمل طور پر پاک کیا جانامقصد ہے۔

 محکمہ لائیوسٹاک پنجاب نے اس سلسلے میں مختلف اقدامات کئے اور پنجاب کے 9اضلاع کو منہ کھر بیماری سے پاک کرنے کے لیے وہاں ایک باقاعدہ پروگرام کے تحت ویکسی نیشن کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ ادارہ خوراک و زراعت نے اس سلسلے میں صوبہ پنجاب میں محکمہ لائیوسٹاک کی معاونت کی۔اب پانچ سال بعد اوآئی ای کا یہ مشن دوبارہ پاکستان آرہا ہے اور وہ اپنے دیئے گئے 47نکاتی پروگرام کی تکمیل سمیت صوبہ پنجاب میں کئے جانے والے اقدامات میں کمی بیشی کا جائزہ لے گا۔یاد رہے کہ او آئی ای پہلے ہی پاکستان کو کاٹابیماری(Rinderpest)سے فری قرار دے چکا ہے۔او۔آئی۔ ای کے پروگرام پہ عمل درآمد سے پاکستان سٹیج 2سے سٹیج3میں داخل ہونے میں کامیاب ہو جائے گاجبکہ ایف اے او کی سٹیج 5مکمل کر لینے پر منہ کھر کی بیماری سے پاک ملک قرارپائے گا۔ اس موقع پہ سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ محکمہ کے افسران مکمل دل جمعی سے منہ کھر بیماری کے تدارک کے لئے کام کر رہے ہیں اور امید واثق ہے کہ پنجاب میں سے اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک وزراعت کو منہ کھر بیماری کے تدارک کے مثبت نتائج ملیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...