حکومت بجٹ پاس کروانے کیلئے وزارتیں دے رہی ہے، رانا مبشر
لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ایم این اے رانا مبشر اقبال نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت بجٹ پاس کروانے کیلئے بلیک میل ہو رہی ہے سابقہ حکومتوں کے وزیروں،مشیروں کو بغل میں بٹھا کر وزیراعظم نیازی کس ترقی کا راگ لاپ رہے ہیں۔بجٹ نے عوام کی چیخیں نکال دی ا ورغریب آدمی کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔جو کنٹینر پر کھڑے ہو کر دعوے کیے تھے وہ سب ہوا ہو گئے اور اب حکومت بجٹ پاس کروانے کیلئے بلیک میل ہو رہی ہے۔کسی کو اربوں کی آفر اور کسی کو وزارتیں دی جا رہی ہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ نواز کے ایم این اے رانا مبشر اقبال نے کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔مزید کہا کہ یہ حکومت مانگے تانگے لوگوں کو ملا کر بنائی گئی ہے اور یہ سب لوگ اپنے اپنے مفادات کی خاطر اکٹھے ہوئے ہیں۔
جب بھی پاکستان میں برا وقت آیا تو صرف پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکن نواز شریف،شہباز شریف اور اعلیٰ قیادت کے ساتھ کھڑے ہوئے نظر آئیں گے۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کا پاس نہیں کیااور محض 10ماہ کے سفر میں ہی پانچ سال کی ناکامیوں کو سمیٹ لیا ہے۔ قوم اس وقت ناقابل بیان مصیبت اور پریشانی کا شکار ہے اور عوام کے اندر بے چینی مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ پورا معاشی نظام لاوارث ہوگیاہے اور حکومت کے چہرے سے ہر روز میک اپ اتر رہاہے۔ حکومت اپنے پہلے سو دنوں میں ایکسپوز ہوگئی تھی، باقی رہی سہی کسر اب نکل گئی ہے۔ روپے کی قدر میں کمی سے قرضوں کا بوجھ مسلسل بڑھتا جا رہاہے۔ گزشتہ چند روز میں روپے کی قدر میں کمی سے بیرونی قرضوں کا حجم ایک ہزار ارب روپے بڑھ گیاہے اور ابھی قدر میں مزید کمی کے اشارے دئیے جارہے ہیں۔ ملک کو اقتصادی و معاشی زبوں حالی کا شکار کرنے اور جمہوری نظام کو آمریت کی بھینٹ چڑھانے والے حکومتی صفوں میں موجود ہیں۔