پنجاب یونیورسٹی کی شعبہ نیچرل سائنسز میں پاکستان میں پہلی پوزیشن

  پنجاب یونیورسٹی کی شعبہ نیچرل سائنسز میں پاکستان میں پہلی پوزیشن

لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی نے پاکستانی یونیورسٹیوں کی بین الاقوامی رینکنگ میں ایک اور شاندار اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ عالمی معیار کے بہترین اور موثر سائنسی اور طبی معلومات کی پرنٹ اور آن لائن اشاعت کے ادارے نیچر پبلشنگ گروپ نے نیچرل سائنسز کے شعبے میں تحقیقات کی اشاعت میں پاکستانی یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کی سال 2018 کی رینکنگ جاری کی ہے جس میں پنجاب یونیورسٹی نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ یاد رہے کہ پنجاب یونیورسٹی جنرل کیٹگری کی یونیورسٹی ہے اوراس رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی نے سائنس کیٹگری کی یونیورسٹیوں کوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

نیچر پبلشنگ گروپ کی نئی رینکنگ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے کیمسٹری، فزیکل سائنسز، لائف سائنسز اور ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز کے شعبے میں جنوری تا دسمبر 2018 میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالہ جات میں مجموعی طور پر 7.21 سکور حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ کامسیٹس انسٹی ٹیو ٹ آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نے 3.25 سکور حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ اسی طرح اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے تیسری،، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے چوتھی، قائد اعظم یونیورسٹی نے پانچویں، یونیورسٹی آف ایجوکیشن نے چھٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نے ساتویں، نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز نے آٹھویں، یونیورسٹی آف پشاور نے نویں جبکہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے دسویں پوزیشن حاصل کی ہے - 1869 کو قائم ہونے والا نیچر پبلشنگ گروپ مکملن پبلشرز لمیٹیڈ کا حصہ ہے جو کہ برطانیہ میں 1843 میں قائم ہوا اور اس گروپ کے تحت اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار کے سائنسی تحقیقی جرائد شائع کئے جاتے ہیں۔ اس شاندار کامیابی پر پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری، سیکرٹری آسا جاوید سمیع اور دیگر نے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اوران کی ٹیم بشمول ڈائریکٹر پی یو رینکنگ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چئیرمین شعبہ میتھمیٹکس پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف اور دیگر کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ شاندار کامیابی پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی تحقیق دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کے باعث پنجاب یونیورسٹی میں تحقیق کا کلچر پروان چڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی کے اساتذہ کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی گئی ہے جس کی وجہ سے یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...