پیشگی منصوبہ بندی کیلئے ”تھنک ٹھینک“بنایا جائے‘ خوشحالی خان

  پیشگی منصوبہ بندی کیلئے ”تھنک ٹھینک“بنایا جائے‘ خوشحالی خان

لاہور(نیوز رپورٹر)معیشت کی کامیابی کیلئے ہمسایوں سمیت دنیا کے کامیاب ممالک کو سٹڈی کیا جائے،مجموعی قومی آمدن میں اضافے کیلئے ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا،روایتی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پیشگی منصوبہ بندی کیلئے ”تھنک ٹینک“ تشکیل دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار معروف کاروباری شخصیت خوشحال خان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اپنی آمدنی میں اضافے کیلئے نئے شعبے تلاش کر رہی ہے لیکن ہم روایتی شعبوں پر ہی اکتفا کرنے سمیت ان پر بوجھ بڑھا رہے ہیں۔ ہمیں سیاحت کو فروغ دینا ہوگا جس سے کئی شعبے عروج حاصل کریں گے۔ ہمیں موبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے اور اس سے اربوں ڈالرز کمائے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمیں ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے لئے پالیسیاں بنانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے معاشی میدان میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو ایک تھنک ٹینک تشکیل دیا جائے جس میں قومی آمدن میں حصہ ڈالنے والے تمام سیکٹرز اورمختلف شعبوں کے بہترین لوگوں کو شامل کیا جائے۔انہیں دوسرے ممالک کی ترقی کا جائزہ لینے اور ان کی کامیابی کو سٹڈی کرنے کے لئے ماحول اور وسائل فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کے کامیاب ممالک آنے والوں سالوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں جبکہ ہم ماضی سے باہر نہیں نکل سکے۔

مزید : کامرس


loading...