امریکہ کا ایران پر سائبر حملہ،راکٹ اور میزائل لانچنگ کمپیوٹرز جام کرنے کا دعویٰ،تہران کیخلاف کاروائی کا فیصلہ واپس نہیں لیا،درست وقت پر کریں گے،ٹرمپ

    امریکہ کا ایران پر سائبر حملہ،راکٹ اور میزائل لانچنگ کمپیوٹرز جام کرنے ...

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) امریکہ نے ایران کے خلاف سائبر جنگ شروع کر دی، واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ راکٹ اور میزائل لانچ سے متعلق کمپیوٹرسسٹم غیر فعال کر دیا گیا، امریکی صدر نے مزید کہا کہ حملے کا حکم واپس نہیں لیا، کارروائی مناسب وقت کیلئے روکی گئی ہے۔امریکا نے ایران کے خلاف سائبر جنگ کا آغاز کر دیا  ان حملوں کا خصوصی ہدف پاسداران انقلاب ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی کمپیوٹر سسٹم پر سائبر حملوں کی منظوری دی جس کے بعد سائبر حملوں سے راکٹ اور میزائل لانچرز کنٹرول کرنے والے ایرانی کمپیوٹر سسٹم  پر ہیکرز نے حملہ کیا اور اسے غیر فعال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب پرحملے میں امریکی سینٹرل کمانڈ کی رائے شامل تھی، تاہم امریکی اخبار کے مطابق یہ کارروائی انتہائی حساس نوعیت کی تھی جس کی مزید تفصیل جاری نہیں کی گئی  پینٹا گان کی ترجمان کا کہنا تھاکہ سائبرکارروائیوں، انٹیلی جنس اورپلاننگ سے متعلق اقدامات کو پبلک میں زیربحث نہیں لایا جاتا۔دو امریکی عہدیداروں نے کہا کہ ایران کے کمپیوٹرسسٹم پر سائبرحملے امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن کی تجویز پرعمل درآمد کرتے ہوئے کیے گئے۔اْنہوں نے ایران کے سائبر سسٹم پر تابڑ توڑ حملوں کی تجویز پیش کی تھی۔اس سے پہلے امریکی صدر نے رات گئے ٹوئیٹ کی کہ کبھی بھی تہران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ واپس نہیں لیا۔ لوگ غلط رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ کارروائی صرف روکی گئی ہے جو درست وقت پر ہوگی۔ امریکی صدر ایران پر پیر کیروز سے مزید پابندیاں عائد کرنے کااعلان کر چکے ہیں۔ایرانی فوج کے ترجمان نے امریکا کو جواب دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی کارروائی کے واشنگٹن کو بدترین نتائج بھگتنے ہونگے۔ ایران کی طرف ایک گولی بھی چلائی گئی تو یہ امریکا اور اسکے اتحادیوں کے لیے تباہ کن ہو گی۔امریکی صدرنے ایران کے خلاف مزید بڑی اقتصادی پابندیاں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری بم بنانے سے روکنے کے لیے نئی پابندیاں (آج) سے قابل عمل ہوں گی۔ امریکی صدر نے کہاتہران جوہری بم بنانے کی خواہش کبھی پوری نہیں کرسکتا۔  انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف مزید پابندیاں (آج) سے قابل عمل ہوں گی،انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاربنانے سے روکنے کیلئے پابندیاں عائد کی جائیں گی،تہران میں موجود قیادت ارادہ تبدیل نہیں کرتی تو اقتصادی دباؤ قائم رکھا جائے گا۔

امریکہ حملہ

مزید : صفحہ اول


loading...