امیر قطر کی صدر عارف علوی سے ملاقات،نشان پاکستان نوازا گیا،دورہ مکمل کر کے واپس روانہ

  امیر قطر کی صدر عارف علوی سے ملاقات،نشان پاکستان نوازا گیا،دورہ مکمل کر کے ...

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،اے پی پی)صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے قطرکے امیرشیخ تمیم بن حمدالثانی نے اتوار کوایوان صدرمیں ملاقات کی۔ملاقات وسیع البنیادمذاکرات گرمجوشی اورخوش گوارماحول میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی ایشوز کا احاطہ کیا گیا۔صدرمملکت نے امیر قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا جس کی وجہ سے قطر توانائی، سیاحت، شہری ہوابانی اورتعمیرات کے شعبوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔صدر مملکت نے عالمی سطح پر کھیلوں کے فروغ کیلئے قطر کی کوششوں کی تعریف کی۔کراچی اورحمدپورٹ کے درمیان براہ راست رسائی کے قیام کے بعد قطرکو پاکستانی برآمدات میں 70 فیصد اضافہ کا حوالہ دیتے ہوئے صدرمملکت نے قطراورپاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی روابط میں اضافہ اور قطر کو پاکستانی برآمدات متنوع بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔صدرمملکت نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری میں اضافہ کی استعداداورقطر میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگارکے زیادہ مواقع کے امکانات پربھی زوردیا۔ صدرمملکت نے افغانستان میں امن اورمفاہمت کوفروغ دینے میں قطرکی کوششوں کو سراہا اورکہاکہ یہ علاقائی امن کیلئے قابل غور اوراعلیٰ خدمات ہیں۔امیرقطرنے دورہ پاکستان کی دعوت اور اپنے ساتھ آنیوالے وفد کی گرمجوش میزبانی پر  پاکستان کی حکومت اورقیادت کا شکریہ اداکیا۔ امیرقطرنے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان  کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کے اہم اقتصادی شعبہ کومزید مضبوط بنانے کی خواہش کااظہارکرتے ہوئے امیرقطرنے پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اورپاکستان سے اشیائے خوراک کی درآمد میں اضافہ میں اپنی گہری دلچسپی کااظہارکیا۔امیرقطرنے  پاکستان میں سیاحت کے شعبہ  کی استعداد میں  بہتری کیلئے اس شعبے میں قطر کی سرمایہ کاری، تکنیکی معاونت اورمیزبانی کی صنعت میں تعاون کی پیش کش کی۔پاکستان سے افرادی قوت کوروزگاردینے کی رفتارپراطمینان کااظہارکرتے ہوئے امیرقطرنے پاکستان سے مزیدافرادی قوت اورتربیت یافتہ سیکیورٹی اہلکاروں کی درآمد کی خواہش کا اظہارکیا۔افغان امن مزاکرات میں پیش رفت کا مشاہدہ کرتے ہوئے دونوں رہنماوں نے علاقائی امن اوراستحکام کیلئے قریبی کام کرنے سے اتفاق کیا۔امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو پاکستان اورقطر کے درمیان برادرانہ اوردوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں پر ایک خصوصی تقریب میں ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازاگیا۔۔ پاکستان کے دیرینہ برادر ملک قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان عطا کیا گیا۔ اس حوالے سے ایوان صدر میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد،وزیر توانائی عمر ایوب وزیر بحری امور علی زیدی،   وزیر اعظم کی مشیر برائے  اطلاعات فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری،سمیت دیگر وزرا، اراکین اسمبلی، اعلی سول و فوجی حکام  نے شرکت کی۔قبل ازیں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی صدر مملکت سے ملاقات کیلئے ایوان صدر پہنچے تو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور روایتی لباس پہنے بچوں نے امیر قطر کو پھول پیش کئے۔ایوان صدر میں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی   بعد ازاں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی    اپنا دو روزہ دورہ مکمل کر کے  قطر ایئرویز کے طیارے پر واپس وطن روانہ ہو گئے، نورخان ائیربیس پر انھیں اعلی حکام نے الوداع کہا۔ اس سے پہلے شیخ تمیم بن حمد الثانی جب نورخان ائیربیس پہنچے تو انھیں پاک فضائیہ کے سینئر افسران نے پاکستان میں تیار کردہ تربیتی مشاق طیارے اور لڑاکا طیارے جے ایف تھنڈر 17 پر بریفنگ دی۔شیخ تمیم بن حمد الثانی نے جے ایف 17 طیارے کے کاک پٹ کا معائنہ کیا اور بریفنگ کے بعد اس کی کارکردگی کو سراہا۔ 

ملاقاتیں 

مزید : صفحہ اول


loading...