ہمارا بنیادی مقصد جہالت اور نا انصافی کا خاتمہ ہے:شکیل ایڈووکیٹ

ہمارا بنیادی مقصد جہالت اور نا انصافی کا خاتمہ ہے:شکیل ایڈووکیٹ

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں تعلیم اور صحت سمیت تمام اداروں کی اصلاح کیلئے نمایا ں اقدامات اٹھائے یہی وجہ ہے کہ آج حسب وعدہ ہر شعبے میں حقیقی تبدیلی واضح نظر آ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیاب میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شکیل خان نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پوری قوم ملک کی سلامتی، بقاء اور استحکام کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے پرچم تلے متحد ہو کر اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں انصاف اور میرٹ کا نظام قائم کرکے ملک کو خود مختار بنانے کے ساتھ ساتھ حقیقی تبدیلی سے ہمکنارکیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام تحریک انصاف کی شفاف سیاست کی قائل ہو گئی ہے اور اب دیگر پارٹیوں کے کارکن اور ووٹرز پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔شکیل خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جدو جہد کا بنیادی مقصد ملک سے غربت جہالت اور ظلم و نا انصافی کا خاتمہ اور لوگوں کو فوری سستی انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایک پر امن معاشرے کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور منافقت کا دور گزر چکا ہے اور اب عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکا ہے اور وہ حقیقی معنوں میں عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  یہ تبدیلی ہی ہے کہ آج عوام کو اپنے حقوق کیلئے کسی سیاسی سفارش کی ضرورت نہیں ہے۔ زندگی کے تمام شعبوں میں عوام کو خدمات کی فراہمی بلا رکاوٹ کی جا رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے بر سر اقتدار آتے ہی ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت فرسودہ اور گھسے پٹے نظام کو درست کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور اللہ کا شکر ہے کہ آج واضح فرق محسوس کیا جا سکتا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...