امیر قطر کی صدر عارف علوی سے ملاقات،نشان پاکستان سے نوازا گیا،جے ایف تھنڈر طیاروں پر بریفنگ،دورہ مکمل کر کے واپس روانہ

امیر قطر کی صدر عارف علوی سے ملاقات،نشان پاکستان سے نوازا گیا،جے ایف تھنڈر ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)  امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اعلیٰ ترین سول ایوارڈ  ”نشان پاکستان“ سے نوازا گیا،صدر عارف علوی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق  صدر مملکت عارف علوی نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں اعلی ترین سول ایوارڈ ”نشان پاکستان“سے نوازا۔ پاکستان کے دیرینہ برادر ملک قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے نشان پاکستان عطا کیا گیا۔ اس حوالے سے ایوان صدر میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد،وزیر توانائی عمر ایوب وزیر بحری امور علی زیدی،   وزیر اعظم کی مشیر برائے  اطلاعات فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری،سمیت دیگر وزرا، اراکین اسمبلی، اعلی سول و فوجی حکام  نے شرکت کی۔قبل ازیں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی صدر مملکت سے ملاقات کیلئے ایوان صدر پہنچے تو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور روایتی لباس پہنے بچوں نے امیر قطر کو پھول پیش کئے۔ایوان صدر میں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی   بعد ازاں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی    اپنا دو روزہ دورہ مکمل کر کے  قطر ایئرویز کے طیارے پر واپس وطن روانہ ہو گئے، نورخان ائیربیس پر انھیں اعلی حکام نے الوداع کہا۔ اس سے پہلے شیخ تمیم بن حمد الثانی جب نورخان ائیربیس پہنچے تو انھیں پاک فضائیہ کے سینئر افسران نے پاکستان میں تیار کردہ تربیتی مشاق طیارے اور لڑاکا طیارے جے ایف تھنڈر 17 پر بریفنگ دی۔شیخ تمیم بن حمد الثانی نے جے ایف 17 طیارے کے کاک پٹ کا معائنہ کیا اور بریفنگ کے بعد اس کی کارکردگی کو سراہا۔ 

ملاقاتیں 

 اسلام آباد (این این آئی) پاکستا ن اور قطر نے سیاسی اور معاشی پارٹنر شپ بڑھانے، ایل این جی اور ایل پی جی، توانائی اور تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔پاکستان اور قطر کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں گزشتہ رات دو طرفہ تعلقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہاگیاکہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو روزہ سرکاری دورہ پر اسلام آباد پہنچے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن الثانی کے درمیان ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان۔قطر بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مزید قریب تر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیاسی و اقتصادی کی شراکت داری کے مزید فروغ کیلئے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیادیگر امور میں  دوطرفہ تجارت، زراعت اور خوراک کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے، ایل این جی ایل پی جی  اور تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار  کے شعبوں سمیت توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے، سیاحت و میزبانی کی صنعتوں میں قطر کی سرمایہ کاری کے فروغ، قطر میں برسر روزگار پاکستانی افرادی قوت میں اضافے، ہوا بازی، بندرگاہوں کے امور، اعلیٰ تعلیم اور دفاع و دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ قائدین میں جن تجاویز پر اتفاق ہوا ہے انہیں ٹھوس اور عملی شکل دینے کیلئے متعلقہ وزراء اپنے متعلقہ شعبوں میں مذاکرات کے عمل کوآگے بڑھائیں گے۔ اعلامیہ میں کہاگیاہکدونوں اطراف سے علاقائی صورتحال اور افغان امن عمل میں تعاون کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد پاکستان اور قطر کے درمیان  درج ذیل مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل کی مفاہمت پر دستخط کئے گئے،سیاحت اور تجارت کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت اور فنانشل انٹیلی جنس سے متعلقہ  منی لانڈرنگ، اس سے منسلک جرائم اور دہشت گردی کی فنانسنگ کی انسداد کیلئے فنانشل انفارمیشن یونٹ آف قطر اور فنانشل مانیٹرنگ یونٹ آف پاکستان کے درمیان تعاون کی مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ خصوصی خیرسگالی کے طور پر امیر قطر نے وزیراعظم کو قطر کی قومی فٹ بال ٹیم کی شرٹ پیش کی اور وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ کرکٹ بیٹ وصول کیا۔ 

اعلامیہ

مزید : صفحہ اول


loading...