افسران کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، مرتضی وہاب

افسران کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، مرتضی وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ لاء انٹر ایکٹیو کانفرنس کے انعقاد کا مقصد محکمہ قانون کے افسران کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں سندھ اسمبلی بلڈنگ کی کمیٹی روم میں منعقد محکمہ قانون کے زیر اہتمام”لاء انٹر ایکٹیو کانفرنس“کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی پاکستان کے قانون ساز اداروں میں وہ واحد ادارہ ہے جہاں سب سے زیادہ اور موثر قانون سازی کی گئی ہے اور قانون کی مطابقت جمہوری اقدار کے تحت کی جاتی ہے۔ صوبائی مشیر نے محکمہ قانون کے افسران کو کہا کہ کچھ مقدمات میں قانونی سقم آنے سے ان کی طوالت مقدمہ پر اثر انداز ہوتی ہے مگر شواہد اور منظم دستاویزات اس کو قانونی شکل میں مضبوط بناتی ہیں محمکہ کی جانب سے پیروی کرنے والے وکلاء اور افسران کی قانونی ذمہ داری ہے کہ دستاویزی ثبوت کو منظم رکھنے کی حتی المقدور کوشش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر جو امور محکمہ قانون کو قانونی رائے کیلئے دیئے جاتے ہیں ان کا بغور مطالعہ اور ان کو آئینی کتب کی روشنی میں غیر جانب دارانہ رائے مرتب کرنا اور متعلقہ محکموں کو ان کے سقم کے بارے میں نشان دہی کرنا محکمہ قانون کے افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کانفرنس میں سیکرٹری قانون شارق احمد، ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل سمیت تمام افسران نے شرکت کی اور اپنے قانونی امور سے متعلق تجربات سے کانفرنس کے شرکا کو آگاہی دی۔ 

مزید : صفحہ اول


loading...