”کراچی کو عزت دو،حق دو“عوامی مارچ کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا

  ”کراچی کو عزت دو،حق دو“عوامی مارچ کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت”کراچی عوامی مارچ“ کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و مرکزی مہماتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر اسامہ رضی کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں مہماتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی کے ممبران اور کراچی کے تمام اضلاع کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے تحت اتوار 30جون کو شام 4بجے سہراب گوٹھ تا مزار قائد ”کراچی عوامی مارچ“ کو بھر پور انداز میں منعقد کرنے اور شہر بھر سے عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے متعدد فیصلے اور اقدامات کیے گئے۔ مارچ کا سلوگن ”کراچی کو عزت دو، کراچی کو حق دو“رکھا گیا ہے۔ مارچ کا انعقاد کراچی کو حقوق و اختیارات کی فراہمی، شہریوں کو درپیش بے شمار مسائل کے حل اور بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف عوامی احساسات و جذبات کی ترجمانی کے لیے کیا جا رہا ہے۔ مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ مارچ کی پبلیسٹی اور عوامی رابطے کے لیے بھر پور مہم کا آغاز فوری طور پر کیا جائے گا۔ شہر بھر میں بڑے پیمانے پر بینرز، پوسٹرز اور پینا فلیکس لگائے جائیں گے۔ عام شہریوں سے رابطے کیے جائیں گے۔ مساجد، اہم پبلک مقامات، مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں میں ہینڈ بلز تقسیم کیے جائیں گے۔ اہم شاہراؤں، بڑی چورنگیوں اور پبلک مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے۔ جگہ جگہ کارنر میٹنگز کی جائیں گی۔ جے آئی یوتھ کے تحت حسن اسکوائرپر ایک مرکزی کیمپ لگایا جائے گا۔ پبلیسٹی کے لیے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا اور موبائل پبلیسٹی جیسے ذرائع بھر پور طریقے سے استعمال کیے جائیں گے۔مارچ سہراب گوٹھ سے کریم آباد، غریب آباد، حسن اسکوائر سے ہو تا ہوا نیو ایم اے جناح روڈ سے مزار قائد پر اختتام پذیر ہو گا۔ شہر بھرسے ہزاروں افراد ریلیوں اور جلوسوں کی صورت میں مارچ میں شرکت کریں گے، اجلاس میں جماعت اسلامی کے ہر سطح کے ذمہ داران اور کارکنوں کو ہدایات دی گئی کہ مارچ کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے موثر منصوبہ بندی کے ساتھ فوری طور پر سر گرمیاں اور مہم شروع کردیں۔

مزید : صفحہ اول


loading...