غیر ملکی قرضوں کی تحقیقات 1999ء سے کرائی جائیں، نثار کھوڑو

غیر ملکی قرضوں کی تحقیقات 1999ء سے کرائی جائیں، نثار کھوڑو

لاڑکانہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ملک میں 10 سالہ سول حکومتوں کے دور میں لیے گئے قرضوں کی تحقیقات کے بجائے 1999 سے لیے گئے قرضوں کی تحقیقات کرائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں میئر کے انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد خیر محمد شیخ کو پارٹی ٹکٹ دینے کے موقع پر منعقدہ تقریب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی جانب سے اپنی ایک سالہ دور میں جو 29 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا ہے اس پر بھی تحقیقات کرانے کے لئے کمیشن قائم کیا جائے، پی ٹی آئی کی 3 ملین ڈالرز کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی ازسر نو تحقیقات کے لئے اعلی سطحی کمیشن قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 3 ملین ڈالرز غیر ملکی فنڈ حاصل کئے ہیں، سن 2014 سے اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی میں زیر التوا ہے جبکہ عمران خان کی دو آف شور کمپنیز کے ذریعے 3 ملین ڈالرز غیر ملکی فنڈ حاصل کیا گیا جو رقم ھنڈی کے ذریعے مڈل ایسٹ سے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں جمع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لئے الیکشن کمیشن کی ڈاریکٹر جنرل قانون کی سربراہی میں دو آڈیٹرز پر مشتمل قائم کردہ سکروٹنی کمیٹی کوبینک سٹیٹمنٹس اور دیگر ثبوت فراھم کرنے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کیوں مہنگا ہوا اور ڈالرز کو ذخیرہ کرکے کمانے والوں کی بھی تحقیقات کے لئے کمیشن قائم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک اور عوام کی بہتری کے لئے وفاق میں ان ہاؤس تبدیلی ہونی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں اب گورنر راج نہیں لگ سکتا۔ وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج اور عوامی رابطہ مہم شروع ہوچکی ہے جس کا دائرہ اب پورے ملک میں بڑھایا جائے گا۔ حکومت مخالف تحریک کا لائحہ عمل اپوزیشن جماعتوں کی 26 جون کو ہونے والی اے پی سی میں طے کیا جائے گا۔دوسری جانب نثار احمد کھوڑو نے لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن کے میئر کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد امیدوار خیر محمد شیخ کو ٹکٹ حوالے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر عبدالفتاح بھٹو، نورالدین ابڑو، شکیل میمن، پیپلز پارٹی کے لاڑکانہ شہر کے چیئرمینز اور کارپوریشن کے دیگر کونسلرز بھی موجود تھے۔

نثار کھوڑو

مزید : علاقائی


loading...