بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دے دی

بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دے دی
بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دے دی

  


ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ میچ میں افغانستان کی ٹیم کو 62 رنز سے شکست دے دی۔

افغان ٹیم نے 263 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 47 اوورز میں 200 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے سمیع اللہ شنواری 49 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ کپتان گلبدین نائب نے 47 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ افغانستان کا کوئی بھی بلے باز متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دنیا کے نمبر ون آل راﺅنڈر شکیب الحسن نے آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، جہاں انہوں نے بیٹنگ میں متاثر کن کارکردگی دکھائی وہیں باﺅلنگ بھی شاندار کی اور 5 افغانوں کا شکار کیا، انہیں آل راﺅنڈ کارکردگی کے باعث میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ علاوہ ازیں مستفیض الرحمان کے حصے میں 2 اور محمد سیف الدین اور مصدق حسین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں ساﺅتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور مخالف ٹیم کو 262 رنز تک محدود کردیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر یہ سکور کیا۔ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے مشفق الرحیم 81رنز بنا کر ٹاپ سکورررہے جبکہ آل راﺅنڈر شکیب الحسن نے 51 رنز کی اننگ کھیلی۔ علاوہ ازیں اوپنر تمیم اقبال نے 36 اور مڈل آرڈر بلے باز مصدق حسین نے 35 رنز سکورکیے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں صرف 39 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ میں گلبدین کے حصے میں 2 ، دولت زردان اور محمد نبی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

مزید : کھیل