”میں پچھلی اتوار کو خودکشی کرنا چاہتا تھا“ مکی آرتھر دل کی بات زبان پر لے آئے
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ میں پچھلی اتوار کو خودکشی کرنا چاہتا تھا، صرف ایک کارکردگی آپ کو زیرو بنا دیتی ہے اور ایک کارکردگی ہی آپ کو ہیرو بھی بنا دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈکپ میں سب کچھ بہت جلدی ہوا، آپ ایک میچ ہارے اور پھر دوسرا میچ ہارے، یہ ورلڈکپ ہے، میڈیا سکروٹنی کے ساتھ لوگوں کی توقعات بھی ہوتی ہیں اور پھر ٹورنامنٹ میں آپ اچانک تقریباً دفاعی پوزیشن پر چلے جائیں، میں تو پچھلی اتوار کو خودکشی کرنا چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک دوسرے سے یہی کہہ رہے تھے کہ صرف ایک اچھی کارکردگی ہمارے حوصلے بڑھا سکتی ہے اور جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں جس طرح فخر زمان اور امام الحق نے آغاز فراہم کیا اور پھر حارث سہیل نے بیٹنگ کی، باﺅلرز نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور ہم جیت گئے۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایک کارکردگی آپ کو ہیروز سے زیرو بنا دیتی ہے اور صرف ایک کارکردگی ہی آپ کو پھر ہیرو بنا دیتی ہے اور لوگ آپ کی شکست کو بھول جاتے ہیں۔