احسن اقبال نے حکومت سے میثاق معیشت کو منہ کالا کرنا قرار دیدیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت نے اپنی منتقم مزاجی سے حالات کو بگاڑ دیا ہے اور جب حکومت کہہ رہی ہوکہ اپوزیشن میثاق معیشت کی آڑ میں این آر او مانگ رہی ہے توپھر اس این آر او سے اپنا منہ کون کالا کرے گا؟
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کسی این آر او کی طلبگار نہیں ہے ،شہبازشریف نے میثاق معیشت کی بات کی تھی لیکن اس کو این آر او سے تعبیر کیا گیا،ان حالات میں میثاق معیشت نہیں ہوسکتا جب حکومت اپوزیشن کیخلاف کارروائیاں کررہی ہو۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کبھی بھی پالیسی لیول پر اختلاف نہیں رہاہے ، ہمارے ہاں مختلف آراءہوسکتی لیکن جو حتمی فیصلہ ہوتا ہے ، اس کو سب تسلیم کرتے ہیں، شہباز شریف نے جب میثاق معیشت کی بات کی تھی ، اس وقت حالات اور تھے لیکن اب حکومت نے اپنی منتقم مزاجی سے حالات کو بگاڑ دیا ہے اور جب حکومت کہہ رہی ہوکہ اپوزیشن میثاق معیشت کی آڑ میں این آر او مانگ رہی ہے توپھر اس این آر او سے اپنا منہ کون کالا کرے گا؟