وزیرخارجہ سے سیکرٹری جنرل نیٹو کی ملاقات، امن کیلئے کوششوں پر پاکستان کوخراج تحسین
برسلز (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں سیکرٹری جنرل نیٹو نے امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔
جیونیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور نیٹو کے سربراہ اسٹولٹن برگ کے درمیان برسلز میں ملاقات ہوئی۔اس موقع نیٹو کے سیکریٹری جنرل سٹولٹن برگ نے افغان امن کوششوں میں پاکستان کے کردار، پاک افغان تعلقات کی بہتری کیلئے پاکستان کی کوششوں اور افغانستان میں نیٹو افواج کے ساتھ پاکستان کے تعاون کی تعریف کی ۔
نیٹو سیکرٹری جنرل نے افغانستان میں امن اور علاقائی استحکام کیلئے افغانوں کے مابین مذاکرات جلد شروع ہونے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ پاکستان اور یورپی یونین میں پرانے تعلقات ہیں اور ایک دوسرے سے تعاون کرتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و امان کے مسائل سے پاکستان بھی متاثر ہوتا ہے ۔