”کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے اس لئے کرکٹ میچز کی اجازت نہیں دے سکتے“ برطانوی وزیراعظم نے اپنا فیصلہ سنا دیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانوی وزیر اعظم نے کرکٹ کے ذریعے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے میچز کھولنے کی اجازت منسوخ کر دی ہے جس کے باعث فرسٹ کلاس کرکٹرز میں مایوسی پھیل گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباءنے دیگر سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کو بھی متاثر کیا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں ہونے والے کرکٹ اور فٹ بال کے میچز منسوخ اور ملتوی کردئیے گئے تھے تاہم وائرس کی شدت میں کمی بعد کرکٹ میچز کو دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے کرکٹ سرگرمیوں کو بحال کرنے کیلئے گزشتہ ایک ہفتے سے حکومت سے مذاکرات جاری ہیں اور کرکٹ نے ملک بھر میں کلبز کو بھی کرکٹ کی بحالی کا عندیہ دے دیا تھا تاہم وزیر اعظم بورس جانسن نے کرکٹ بحال کرنے سے منع کردیا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ کرکٹ میچز کھولنے کی اجازت ابھی نہیں دے سکتے کیونکہ کرکٹ بال کے ذریعے بھی کورونا وائرس پھیل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بہت آسانی سے سمجھی جا سکتی ہے کہ ایک ہی گیند تمام کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں جائے گی جس سے وائرس پھیلنے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔
بورس جانسن نے کہا کہ سماجی دوری برقرار رکھنے کی یقین دہانی کے ساتھ بارز، ریسٹورنٹ، آﺅٹ ڈور جمز اور سینماءکھولنے کی اجازت دی ہے البتہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے باعث کرکٹ کی بحالی کے حوالے سوچ بچار جاری ہے لیکن کرکٹ کی بحالی میں سب سے بڑا مسئلہ ’بال‘ ہے اور یہ بات سب کیلئے سمجھنا آسان ہے کہ ایک ہی بال سب کھلاڑیوں کے ہاتھ میں جاتی ہے جس کے باعث کورونا وائرس پھیلنے بہت زیادہ امکان ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس ملک میں ہونے والی متعدد پریمیر لیگز منسوخ ہوچکی ہیں جبکہ سکاٹ لینڈ نے تو نیشنل لیگ اور کپ بھی سال بھر کیلئے منسوخ کردیا ہے البتہ شائقین کرکٹ کیلئے یہ خوشخبری ضرور موجود ہے کہ انہیں جلد ہی بائیو سیکیور ماحول میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز اور پھر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز دیکھنے کا موقع ضرور مل سکے گا۔