سیل علاقوں میں کورونا ایس او پیز کی پاسداری یقینی بنائی جائے: آئی جی پنجاب شعیب دستگیر
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرنے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں افسران واہلکارپہلے سے زیادہ تندہی اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جن علاقوں کو حکومت پنجاب نے سیل کردیا ہے وہاں ایس او پیز کی پاسداری پر بطور خاص توجہ مرکوز کی جائے تاکہ وبائی وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرکے شہریوں کی قیمتی جانوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرواتے ہوئے انہیں باور کروایا جائے کہ ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر کی پابندی میں انہی کا فائدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سنٹرل پولیس آفس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔