نجی کمپنی کا پنجاب یونیورسٹی کو کوروناسے بچاؤ کیلئے فیس شیلڈز کا عطیہ
لاہور (لیڈی رپورٹر) مقامی کمپنی سپیل نے پنجاب یونیورسٹی کو کورونا وائرس سے بچاؤکے لئے ”فیس شیلڈز“ کا عطیہ دیا ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی کے چیئرمین الماس حیدر نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ملاقات میں بتایا کہ یہ فیس شیلڈ کورونا وائرس سے بچاو اور خاص طور پر مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی حفاظت کے لئے ذاتی تحفظ کے سامان (پی پی ای) کے طور پر ڈیزائن کی گئی ہے۔
جسے عام لوگ بھی کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری کمپنی سپیل، پہلی پاکستانی کمپنی ہے جسے یورپی یونین کے پی پی ای کے ضوابط اور فزیکل پیرا میٹرز پر پورا اترنے کی وجہ سے سی ای مارکنگ کیٹگری 1 مینوفیکچر قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے چہرے کی حفاظت کیلئے بنائی گئی یہ فیس شیلڈ کم قیمت، ہلکے وزن کی، پہننے میں آسان اور سانس لینے میں عدم مزاحم ہے اور اسے پانی اور صابن کے ساتھ آسانی سے دھویا جا سکتا ہے اور یہ سپلیشس اور نمی کے خلاف درجہ اول کی دفاعی شیلڈ ہے۔ وائس چانسلر نے معیاری فیس شیلڈز بنانے پر حوصلہ افزائی کی اور شکریہ ادا کیا۔