پاکستانی ایمبیسی میں کیریئر کونسلرز کی تعیناتی خوش آئند ہے،ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری

پاکستانی ایمبیسی میں کیریئر کونسلرز کی تعیناتی خوش آئند ہے،ڈاکٹر عبدالقیوم ...

  

لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی کیریئر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر کے ڈائریکٹر اور شعبہ ایلمینٹری ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کو روزگار کے معاملے میں مختلف مسائل درپیش ہیں اور پاکستانی ایمبیسی میں کیریئر کونسلرز کی تعیناتی سے پاکستانیوں کی تعلیم و تربیت اور دیگر مسائل حل ہو سکیں گے وہ پنجاب یونیورسٹی کرئیر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر اور سعودی عرب الریاض میں نوجوانوں کی تنظیم پاک یوتھ فورم کے زیر اہتمام سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سیمینار کا انعقاد وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کی ہدایت پر کیا گیا۔

تاکہ موجودہ صورتحال میں سعودی عرب میں پاکستانیوں کی تعلیم و تریبت اور روزگار سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے۔ آن لائن سیمینار میں پاکستانی سکولز کے پرنسپل، اساتذہ، پروفیشنل صاحبان، علمی و ادبی سیاسی رہنماؤں، والدین اور سفارتخانہ پاکستان الریاض کے سٹاف نے شرکت کی۔ سمینار میں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم چند پاکستانی افراد کے بچوں کو مناسب تعلیمی رہنمائی میسر نہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔ ان نوجوانوں کو بروقت رہنمائی دی جائے تو یہ اعلی تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر کونسلنگ نوجوانوں کو کیریئر آپشن کے بارے میں بتاتی ہے اس میں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ اپنے منتخب کیریئر کو کیسے حاصل کرنا ہے ڈاکٹر عبدالقیوم نے بتایا کہ دنیا بھر کے سروے یہ بتاتے ہیں کہ یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے والے جاب پر زیادہ معاوضہ حاصل کرتے ہیں لہذا پاکستانی بچوں کو اوپن یونیورسٹی، ورچول یونیورسٹی اور دیگر یونیورسٹیوں کے پرائیویٹ ڈگری پروگرام سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے لیکن اگر کسی وجہ سے وہ ڈگری حاصل نہیں کر سکتے تو ان کو پروفیشنل کورسز کرکے مہارت حاصل کرنا چاہیے۔ڈاکٹر عبدلقیوم چودھری نے تجویز دی کہ سفارتخانہ پاکستان سعودی عرب میں کیریئر کونسلر کی تعیناتی کی جائے جو کہ پاکستانی بچوں اور ان کے والدین کو رہنمائی فراہم کریں انہوں نے کہا کہ ایمبیسی کو پیشہ ورانہ کورسز کا انعقاد کرکے سرٹیفکیٹ جاری کرنے چاہیں۔ ڈاکٹر عبدالقیوم نے پاک یوتھ فورم سے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی۔پاک یوتھ فورم کے بانی و صدر راجہ گل زیب کیانی نے کہا کہ سعودی عرب کی یوتھ کو تعلیمی، نفسیاتی اور سماجی لیول پر کونسلنگ کی ضرورت ہے انہوں نے بتایا کہ پاک یوتھ فورم متعدد سیمینار اور تربیتی طریقوں سے پاکستانی بچوں کی رہنمائی کرتا ہے راجہ گل زیب کیانی نے پروفیسر ڈاکٹر عبد القیوم چوہدری، ویلفیئر اتاشی محمود لطیف سفارتخانہ پاکستان، اور تمام معزز شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک یوتھ فورم اپنے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کی رہنمائی کے لئے ہر لمحہ سرگرم عمل ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -