منہاج یونیورسٹی نے فیس ادائیگی کا آن لائن نظام متعارف کرا دیا

منہاج یونیورسٹی نے فیس ادائیگی کا آن لائن نظام متعارف کرا دیا

  

لاہور(پ ر)منہاج یونیورسٹی لاہور نے طلبہ کی سہولت کے لئے فیسوں کی ادائیگی کا آن لائن طریقہ کار متعارف کروادیا۔یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ اب اسمارٹ فون کے ذریعے آن لائن فیسوں کی ادائیگی کر سکیں گے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز وائس چانسلر آفس میں منہاج یونیورسٹی لاہور اور (FINJA) پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ساجد محمود شہزادر اور بانی،چیف ایگزیکٹو آفیسر (FINJA) پرائیویٹ لمیٹڈقاسم شاہد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ طلبہ کے لئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور راہنمائی منہاج یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔

منہاج یونیورسٹی کا مقصدبلا تفریق رنگ ونسل تعلیم کی یکساں فراہمی ہے۔ موجودہ دور چونکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اس سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے منہاج یونیورسٹی لاہور نے (FINJA) کے تعاون سے فیسوں کی ادائیگی کا آن لائن طریقہ کار متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے طلبہ بغیر کسی پریشانی کے اپنی فیسوں کو اسمارٹ فونز کے ذریعے جمع کرواسکیں گے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر فنانس منہاج یونیورسٹی لاہور عبدالرحمان،مینجر اکاؤنٹس علی محی الدین اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ جن کی کاوشوں سے یہ پروجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچا۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے بانی،چیف ایگزیکٹو آفیسر(FINJA) پرائیویٹ لمیٹڈقاسم شاہد اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ (FINJA) کا ڈیجیٹل انقلاب کے ذریعہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا بھرپورر استعمال کرتے ہوئے سب سے پہلے آن لائن کلاسزکا اجرا کیا اورہمارے لئے یہ اعزاز ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے منہاج یونیورسٹی کو جدید آن لائن طریقہ تدریس پر ملک کی ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -