پی سی بی کا مین سکواڈ دورہ انگلینڈ سے قبل ہی کورونا کے ہاتھوں کلین بولڈ

پی سی بی کا مین سکواڈ دورہ انگلینڈ سے قبل ہی کورونا کے ہاتھوں کلین بولڈ

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے مزید 7 قومی کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا،متاثرہ کھلاڑیوں کی تعداد 10 ہو گئی۔ ٹیم انتظامیہ کے ایک رکن کا ٹیسٹ بھی پازیٹو آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے مجموعی سکواڈ میں شامل 35 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کووڈ 19 نمونے لئے گئے تھے جن میں سے 3 کھلاڑیوں کا ٹیسٹ پیر کے روز پازیٹو آیا جبکہ 7 کھلاڑیوں کا ٹیسٹ گزشتہ روز مثبت نکل آیاجس پر پی سی بی نے متاثرہ کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو خود کو آئسولیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ان میں اوپنر فخر زمان، فاسٹ باؤلر عمران خان، آل راؤنڈر کاشف بھٹی، آل راؤنڈر محمد حفیظ، فاسٹ باؤلر محمد حسنین، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض شامل ہیں۔ جبکہ ٹیم مینجمنٹ میں ٹیم کے مساجد ملنگ علی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ان میں عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، بابراعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں جبکہ ٹیم مینجمنٹ میں منصور رانا (منیجر)، مصباح الحق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، یونس خان (بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد (اسپن باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہٰ بٹ (ٹیم اینالسٹ)، یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈکنڈیشننگ کوچ)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، لیفٹننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان رفعت (سیکورٹی منیجر) اور رضا کیچلو (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹنٹ منیجر) کے ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔پاکستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کے ٹیسٹ ہونا باقی ہیں۔

کھلاڑی کورونا

مزید :

صفحہ اول -