موجودہ حکومت میں بحرانو ں کی فہرست لمبی ہو گئی، نجانے کب ختم ہو گی؟ سرا ج الحق

موجودہ حکومت میں بحرانو ں کی فہرست لمبی ہو گئی، نجانے کب ختم ہو گی؟ سرا ج الحق

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں بحرانوں کی فہرست لمبی ہوگئی ہے نجانے کب ختم ہوگی۔ادویات،آٹا چینی اور پٹرول کے بعد اب ایل پی جی کا بحران سراٹھا رہا ہے۔پے درپے بحرانوں نے مہنگائی اور بے روز گاری کے مارے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔پٹرول کی عدم دستیابی پر حکومت اپنی پوزیشن ابھی تک واضح نہیں کرسکی۔کرونا مسلسل پھیل رہا ہے،ہسپتالوں میں جگہ نہ ملنے سے خود کوگھروں میں آئسو لیٹ کرنے والے مریض مررہے ہیں لیکن حکومت ان کی زندگیاں بچانے کیلئے کچھ نہیں کررہی۔ تنخواہیں نہ بڑھا کر حکومت نے سرکاری ملازمین کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔حکومت فوری طور پر ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم دس فیصد اضافہ کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے مختلف محکموں کی تنظیموں کی فیڈریشن فار فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد کی قیادت چیئرمین فیڈریشن چوہدری مختار احمد،فیڈریشن کے صدر عمران مغل،چیف آرگنائزر فیڈریشن راجہ بلال نے کی جبکہ وفد میں اظہار عباسی سینئر وائس چئیرمین، صداقت عباسی وائس چیئرمین، ضیاء خان یوسف زئی ترجمان فیڈریشن، سی ڈی اے یونین کے جنرل سیکریٹری امان اللہ خان و دیگر عہدیداران بھی شریک تھے۔ وفد نے سینیٹر سراج الحق کو وفاقی ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ملازمین کے مسائل کو ہر جگہ اٹھائے گی۔ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آواز بلند کی جائے گی۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -