(ن) لیگ کو صرف قومی خزانے میں نقب لگانا آتا ہے: ترجمان پنجاب حکومت

  (ن) لیگ کو صرف قومی خزانے میں نقب لگانا آتا ہے: ترجمان پنجاب حکومت

  

لاہور(آئی این پی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان ملک کوسنوارنے والا نہیں بلکہ کرپشن اورلوٹ مار کے ذریعے تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلنے والا سند یافتہ خاندان ہے،(ن) لیگ والوں کو صرف قومی خزانے میں نقب لگانے کا ہنر آتاہے جو موجودہ دور میں ان کے کسی کام نہیں آئے گا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور تدارک کیلئے طے شدہ عالمی معیارات کی پیروی کی جارہی ہے اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات ہیں کہ اس میں کوئی غفلت اور لا پرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہر پلیٹ فارم کے ذریعے عوام سے اپیل کی جارہی ہے کہ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے، سمارٹ لاک ڈاؤن کے فارمولے کے تحت ہاٹ سپاٹ مقامات کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ سیل کیا جارہا ہے اور جن علاقوں میں صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے انہیں کھولا بھی گیا ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے ترجمانوں کی بیان بازی پر کہا کہ صرف کرپشن لیگ کی قیادت ہی نہیں بلکہ ان کے حواری بھی سیاسی بیروزگاری کی زندگی گزار رہے ہیں اور سیاست میں زندہ رہنے کے لئے عمران خان اور عثمان بزدار پر بلا وجہ تنقید کر کے اپنا قد بڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کے ٹیکسز کے پیسوں کو امانت سمجھا ہے۔

مسرت جمشید

مزید :

صفحہ آخر -