امریکی قونصلیٹ یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی کیمپس میں لنکن کارنر قائم کریگا

امریکی قونصلیٹ یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی کیمپس میں لنکن کارنر قائم کریگا

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی قونصل جنرل یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی کیمپس میں شہریوں سے رابطے کیلئے لنکن کارنر قائم کریگا، امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈریگز اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے شراکت کے اس معائدے پر دستخط کردئیے ہیں۔اس موقع پر قونصل جنرل راڈریگز نے کہا یہ لنکن کارنراس علاقے کی آبادی سے رابطے کا ذریعہ ہوگا۔ یونیورسٹی اور ہائی سکولوں کے طلبہ اور علاقے کے شہری لنکن کارنر کے ذریعے تبادلہ خیال کر سکیں گے اور دنیا بھر میں ہونے والے پروگراموں میں شرکت کر سکیں گے۔اس سہولت کے ذریعے انگلش سیکھانے کے پروگرام، ماہرین کے لیکچرز، طلبہ کے مباحثوں کے پروگرام اور تجزیا تیتر بیت کی مشقیں منعقد کی جا سکیں گی۔ یہ کوشش نئی نسل کے پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی اقتصادیات کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار کرے گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وہاڑی کیمپس کی لائبریری میں قائم ہونے والے لنکن کارنر کے لیے قونصلیٹ جنرل لاہور کے ساتھ شراکت نہ صرف طلبہ اور اساتذہ کے لیے بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی مفید ہو گی۔ اس کارنر کے بڑے فوائد میں نہ صرف تربیتی مواقع کی دستیابی ہے بلکہ اس کے ذریعے امریکہ میں تعلیمی ذرائع اور امکانات تک رسائی حاصل کی جاسکے گی۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے لوگوں کی ترقی کے لیے ایسے اقدامات بہت کارآمد ہوں گے۔لنکن کارنر وہاڑی کے افتتاح کے بعد پاکستان میں لنکن کارنرز کی تعداد 18 ہو جائیگی۔ امریکی قونصلیٹ کی زیرنگرانی لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ملتان میں لنکن کارنرز کام کر رہے ہیں۔ لنکن کارنرز میں آنے والوں کے لیے فری وائی فائی اورامریکہ کے بارے میں کتابوں، میگزینز، ویڈیوز، انٹرنیٹ ڈیٹا بیس اور پروگراموں کے ذریعے مصدقہ اطلاعات دستیاب ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -