کشمیر میں مظالم پر بھارت کیخلاف عالمی پابندیاں لگائی جائیں، علی امین گنڈا پور
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے باز رکھنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے اور بھارت کے خلاف عالمی پابندیوں کا اطلاق کیا جائے، انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ ستر سالوں سے نہتے کشمیریوں کو سفاکانہ مظالم کا نشانا بنا رہا ہے جس میں گزشتہ سال 5 اگست کے بھارتی یکطرفہ اور قابل مذمت اقدامات کے بعد خطرنات حد تک اضافہ ہو چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب نہتے کشمیری نوجوانوں کو گھر گھر تلاشی اور سرچ آپریشنز کی آڑ میں شہید نہ کر دیا جاتا ہو، آج بھارتی ہندو انتہا پسندی پوری دنیا پر عیاں ہو چکی ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی نے بھارت پر سخت پابندیوں کے اطلاق کی سفارش کی ہے جس پر عملدرآمد کے لیے عالمی دنیا کو فوری عملی کردار ادا کرنا چائیے، بھارتی انتہا پسندی اور جارحیت کے باعث خطے میں شدید سکیورٹی خدشات پیدا ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا بھارت ایل او سی پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، علی امین گنڈاپور نے بھارت کو خبردار کیا کہ ایسی صورتحال میں بھارت کو گزشتہ سال فروری کے حالات و واقعات بخوبی ذہن نشین رکھنے چائیں اور پاکستان ایسی کاروائی کا منہ توڑ جواب دے گا۔ پاکستان مودی کے ہندو انتہا پسند فاشسٹ ایجنڈے کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
علی امین گنڈاپور