تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے: اکبر ایوب خان

تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے: اکبر ایوب خان

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیربرائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی نظام کی بہتری اور سکولوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ قبائلی عوام کو انضمام کے فوائد بہتر طریقے سے مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں سکولوں کی تعمیر، اپ گریڈیشن، تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنا، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور سکول چھوڑنے کی شرح میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کو قبائلی اضلاع کے دو سکولوں کے لئے تدریسی و سائنسی سامان حوالہ کرنے کے لئے منعقدہ تقریب کے موقع پرکیا۔ملاقات میں سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری، محمد نواز شانگلہ، یونیسیف کی طرف سے فواد شاہ اور دیگر حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم نے گورنمنٹ پرائمری سکول اشرف کلے اور گورنمنٹ پرائمری سکول گل احمد کلے سکولوں کے لئے محکمہ تعلیم اور یونیسیف کے تعاون سے طلباء کے لئے لرننگ کٹس، اساتذہ اور طلباء کے لئے فرنیچر، بلیک بورڈز اور دوسرا سامان حوالہ کیا جس سے مجموعی طور پر 429 طلباء مستفید ہوں گے۔ اکبر ایوب خان نے کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کا قبائلی اضلاع میں تعلیم کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور ان کی خصوصی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی قبائلی اضلاع میں تعلیم کے فروغ کے لئے آپ کی خدمات حاصل کی جا ئیں گی۔اور انہوں نے وعدہ کیا کہ اس سامان کے علاوہ قبائلی اضلاع کے سکولوں کے لیے سپورٹس کٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔وزیر تعلیم نے دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کو ہری پور آنے کی دعوت دی جو کہ انہوں نے قبول کر لی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -