گندم او ر آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام اقدامات کرینگے: علیم خان

  گندم او ر آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام اقدامات کرینگے: علیم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔ ضرورت پڑی توپنجاب حکومت سبسڈی بھی ضرور دے گی البتہ یہ سبسڈی ٹارگٹڈ اور صرف مستحق لوگوں کے لئے ہوگی جس کے لئے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اور حساس پروگرام کے ڈیٹا کو استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ گندم کی درآمد کے بارے میں ای سی سی میں پنجاب حکومت کی طرف سے پیش کردہ سفارشات کو منظور کر لیا گیا ہے جس کے بعد وفاقی حکومت کی طرف سے نجی شعبے کو 2.5ملین میٹرک ٹن گندم کی امپورٹ کی اجازت دی گئی ہے اور اگر پرائیویٹ سیکٹر نے معینہ مدت تک گندم امپورٹ نہ کی تو فیڈرل گورنمنٹ خود بھی گندم کی درآمد کر سکتی ہے۔عبدالعلیم خان نے بتایا کہ ای سی سی کے فیصلوں کو وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پنجاب کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے فلور ملز کو گندم ریلیز کرنے کی منظوری بھی شامل ہے۔ پنجاب کابینہ کی گندم ریلیز کرنے کی توثیق کے بعد فلور ملز کو فوری طور پر گندم دینا شروع کر دیں گے،اس کی ریلیز پرائس کی منظوری بھی پنجاب کابینہ دے گی البتہ جتنی گندم فلور ملز کو جاری ہوگی اتنی ہی امپورٹ بھی کی جائے گی تاکہ مارکیٹ اور سٹاک میں گندم کی وافر مقدار موجود رہے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ گندم کی امپورٹ کے فیصلے کی منظوری وزیر اعظم عمران خان نے دی ہے جس کا اصل مقصد قیمتوں میں استحکام لانا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ صرف اُن فلور ملز کو گندم جاری کریں گے جو سارا سال فنکشنل رہتی ہیں اور اُن کا انحصار صرف حکومت کے ریلیز کردہ کوٹے پر نہیں ہوتا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد آٹے کی قیمت کا تعین بھی کیا جائے گا جسے عام آدمی کی پہنچ کے مطابق رکھا جائے گا۔
علیم خان

مزید :

صفحہ آخر -